تاندہ ڈیم سانحہ کوہاٹ

سانحہ کوہاٹ،تاندہ ڈیم سے مزید20بچوں کی نعشیں برآمد

ویب ڈیسک: تاندہ ڈیم کوہاٹ میں جاں بحق مدرسہ طلباء کی تعداد31ہوگئی ہے جبکہ 9 بچوں ابھی لاپتہ ہیں۔ سانحہ میں شہید ہونے والوں کی تعداد40 ہوگئی ہے۔ یاد رہے اتوار کے روز10بچوں کی لاشوں کو نکالا گیا تھا جبکہ ایک زخمی بچہ کے ڈی اے ہسپتال کوہاٹ میں دم توڑ گیاتھا ۔ پیر کے روز آپریشن کے دوران مزید20 بچوں کی نعشیں نکال لی گئیں۔ باقی لاپتہ 9بچوں کی نعشوں کے لئے آپریشن آج منگل کو پھر شروع کیا جائے گا۔ آپریشن میں پاک فوج، ریسکیو 1122 اور مقامی غوطہ خور حصہ لے رہے ہیں۔
آپریشن کی نگرانی کیلئے صوبائی وزیر خوشدل خان ملک موقع پر موجود رہے ۔ صوبائی،ڈویژنل اورضلعی انتظامیہ نے اپنے وسائل استعمال کرتے ہوئے انتہائی تیز رفتاری سے آپریشن جاری رکھا اور نصف درجن سے زائد ایمبولینس گاڑیاں نعشیں کے ڈی اے ہسپتال پہنچاتی رہیں۔ آپریشن کے دوران مقامی لوگو ں اور شہداء کے لواحقین کی بڑی تعداد موجود رہی۔ صوبائی وزیر نے یقین دلایا کہ لواحقین کے دکھ میں صوبائی حکومت برابر کی شریک ہے اور وہ غم زدہ خاندانوں کے ساتھ ہر قسم کی مدد کرے گی۔

مزید پڑھیں:  بنوں، پولیو مانیٹرنگ ٹیم کی گاڑی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ، عملہ محفوظ