پولیس لائنز پر حملہ پاکستان پر حملے

پولیس لائنز پر حملہ پاکستان پر حملے سے کم نہیں، شہبازشریف

ویب ڈیسک :وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پشاورحملہ کے بعد قوم غم میں ڈوبی ہوئی ہے،یہ حملہ پاکستان پر حملے سے کم نہیں،دہشت گردی ہماری قومی سلامتی کے لئے سب سے بڑا چیلنج ہے،پاکستانی قوم کے عزم کو ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے غیر متزلزل نہیں کیا جاسکتا۔پیر کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ابھی پشاور سے واپس آیا ہوں،انسانی المیے کا حجم ناقابل تصور ہے،یہ پاکستان پر حملے سے کم نہیں،قوم غم کے گہرے احساس میں ڈوبی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ دہشت گردی ہماری قومی سلامتی کا سب سے بڑا چیلنج ہے۔انہوں نے کہا کہ غمزدہ خاندانوں کے درد کو لفظوں میں بیان نہیں کیا جا سکتا لیکن میں دلی تعزیت اور انتہائی اخلاص سے ان سے ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ آج کے اس گھنائونے واقعہ کے ذمہ داروں کے لیے میرا پیغام ہے کہ آپ پاکستان کی عوام کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔ دریں اثنا وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم پیر کو ہنگامی دورے پر پشاور پہنچے۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے وزیر اعظم کا استقبال کیا۔وزیردفاع خواجہ محمد آصف، وزیراطلاعات مریم اورنگزیب بھی ساتھ تھیں۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کو کور کمانڈر پشاور نے دہشت گردی کے عوامل اور محرکات کے حوالے سے بریفنگ دی جبکہ انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا نے پولیس لائنز میں ہونے والے خود کش حملے پر ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ پیش کی۔ وزیراعظم کو پولیس لائنز میں خود کش حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی دکھائی گئی۔شرکاء نے پولیس لائنز حملے میں شہید ہونے والوں کے لئے فاتحہ خوانی کی اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہاکہ دہشت گرد پاکستان کے دفاع پر مامور اداروں پر حملے کرکے خوف ودہشت کی فضا پیدا کرنے کی مذموم کوشش کررہے ہیں جسے ریاست اور عوام کے اتحاد کی قوت سے ناکام بنائیں گے۔ دہشت گردی کے خلاف پاکستان نے عظیم قربانیاں دی ہیں، ہم شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔
وزیراعظم نے کہاکہ انسداد دہشت گردی کے اداروں، پولیس کی صلاحیت اور استعدادِ کار میں اضافہ کیاجائے گا، نیشنل ایکشن پلان پر پوری قوت اور جامعیت سے عمل درآمد یقینی بنائیں گے۔دریں اثنا وزیراعظم محمد شہبازشریف نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور کا دورہ کیا۔ پولیس لائنز دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی اور ان سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے گھر میں سربسجود نمازیوں کا خون بہانے والے مسلمان نہیں ہوسکتے۔ یہ جرم کرنے والے اللہ تعالٰی کی پکڑ سے بچ نہیں سکیں گے، اِن مجرموں کو صفحہ ہستی سے مٹا کر دَم لیں گے۔

مزید پڑھیں:  شادی ہال اور ریسٹورنٹ پر فکس ٹیکس لگائیں گے، مشیر خزانہ مزمل اسلم