آٹے کی بڑھتی قیمتیں

پشاور ہائیکورٹ کے احکامات کے باوجود آٹے کی قیمتوں میں کمی لانے میں ناکامی لمحہ فکریہ ہے ۔20 کلوگرام آٹے کا تھیلا2600 سے2900 روپے میں فروخت ہو رہا ہے جبکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے کے باعث اس میں مزید اضافے کا امکان ہے ۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پشاور ہائیکورٹ نے آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیا تھا اور سیکرٹری فوڈ سمیت دیگر متعلقہ افسران کو عدالت طلب کیا تھا۔ عدالت نے سیکرٹری فوڈ کو مارکیٹ کا دورہ کر کے آٹے کے ریٹ معلوم کر کے عدالت کو آگاہ کرنے کی ہدایت کی تھی جس کے بعد متعلقہ افسران نے آٹے کی فی بوری کی قیمت2400 روپے تک لانے کی یقین دہانی کروائی تھی۔ وقتی طور پر آٹے کی قیمت2500 اور2600 تک آ گئی تھی تاہم اس میں ایک بار پھر اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور رام پورہ سمیت بڑی مارکیٹ میں20کلوگرام آٹے کا تھیلا2600 سے2900 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے جبکہ عام دکانوں پر فائن آٹا3000 روپے تک فروخت ہو رہا ہے۔مختلف وجوہات کی بناء پر آٹے کی قیمتوں میں اضافہ اور ان قیمتوں پر مہنگائی کے اثرات مرتب ہونا فطری امر ہے لیکن آٹے کی قیمتوں میں جس طرح منصوبہ بندی کے ساتھ اضافہ کیا گیا وہ ناقابل قبول اور منصوبہ بندی کے ساتھ قیمتوں میں اضافہ تھا جس کا عدالت نے بھی نوٹس لیا اور متعلقہ حکام اگرچہ آٹا کی قیمتوں کو واپس معمول پرلانے کی یقین دہانی تو کراسکے مگر بہرحال عدالت کو جوگنجائش رکھ کر یقین دہانی کرائی گئی تھی اس پر بھی عملدرآمد میں نہ صرف ناکامی ہوئی بلکہ ایک دو مرتبہ اس میں مزید اضافہ بھی ہوا جو توہین عدالت اور عدالتی احکامات کو تسلیم نہ کرنے اور انتظامی ناکامی ہے جس کا عدالت سے سخت نوٹس لینے کی عوامی اپیل انصاف کے لئے عدلیہ سے توقعات کی وابستگی کے عین مطابق ہے ۔ عدالت عالیہ سے بجا طور پر توقع ہے کہ وہ اگلی پیشی میں اس ناکامی اور اس کی وجوہات کا نوٹس لے گی اور انتظامی افسران کو پابند بنائے گی کہ وہ آٹا کی غیر حقیقی قیمتوں کو حقیقی بنائیں اور قیمتوں کو معمول پر لایا جائے۔آٹے کی بڑھتی قیمتیں اور عدالتی احکامات کے باوجود انتظامی طور پر اگر قیمتوں کو کنٹرول نہیں کیا جارہا ہے تو دوسری جانب نگران حکومت کی توجہ بھی اس طرف نہ ہونے کے برابر ہے اور نہ ہی خوراک کے محکمے کا قلمدان کسی نگران وزیر کو تفویض ہوا ہے ایسے میں عوام آخر کس کی طرف دیکھیں کس سے فریاد کریں اور ان کی داد رسی کون اور کیسے کرے؟۔

مزید پڑھیں:  عوامی رقم کا ضیاع