ویب ڈیسک: لکی مروت میں دریائے کرم کے کنارے واقع گھنے جنگلات میں سیکورٹی فورسز اور پولیس کی طرف سے دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن چھٹے روز میں داخل ہوگیا۔ لکی شہر کے نزدیک احسان پور اور کیچی کمر علاقے میں دریا کنارے واقع جنگلات کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے گھیرے میں لے رکھا ہے اور شدت پسندوں کے ٹھکانوں کو بھاری ہتھیاروں سے نشانہ بنایا جارہا ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق بھاری ہتھیاروں کے استعمال کی وجہ سے جنگل سے دھماکوں کی آوازیں آرہی ہیں۔
اس کے علاوہ پاک فوج کی طرف سے کوبرا ہیلی کاپٹر بھی استعمال کئے جارہے ہیں تاکہ شدت پسندوں کے ٹھکانوں کو ملیا میٹ کیا جاسکے۔ واضح رہے کہ مذکورہ جنگل میں شدت پسندوں کی محفوظ پناہ گاہیں موجود ہیں اور وہ ان ہی پناہ گاہوں میں ضلع کے مختلف علاقوں میں دہشت گرد کارروائیوں کی منصوبہ بندی کرکے انہیں انجام دیتے رہے ہیں ۔ 6روز سے جاری آپریشن سے متعلق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ، پولیس یا ضلعی انتظامیہ کی طرف سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے ۔
