مچنی گیٹ میں نوجوان قتل

مچنی گیٹ میں نوجوان قتل،ڈکیتی واردات میں مزاحمت پردکاندار زخمی

ویب ڈیسک : تھانہ مچنی گیٹ کے علاقہ میں معمولی تنازعہ پر نوجوان کو قتل کردیا گیا،ورسک روڈ پر دکان لوٹنے کے بعد مزاحمت پر دکاندار کو زخمی کردیا گیا۔ سربند میں کسٹم انسپکٹر پر گاڑ ی چڑھا دی گئی۔واقعات کے مطابق ضیاء اللہ ولد فردوس خان سکنہ پٹوار پایان نے تھانہ مچنی گیٹ پولیس کو رپورٹ درج کرائی کہ اس کے پڑوسی کاشف ولد نقیب خان نے اس کے بھائی سمیع اللہ کو معمولی تنازعہ پر فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتاردیا ہے ،ملزم واردات کے بعد فرار ہو گیا۔
ادھر کسٹم انسپکٹر نوید اقبال کی جانب سے درج ہونے والی ایف آئی آر کے مطابق گزشتہ روز انہوں نے تھانہ سربند کے علاقہ باڑہ روڈ پر ٹرک کو رکنے کا اشارہ کیا تو ڈرائیور نے گاڑی روکنے کی بجائے اس پر گاڑ ی چڑھا دی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گیا جسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ تھانہ مچنی گیٹ کے علاقہ ورسک روڈ پر گزشتہ روز تین ڈاکوئوں نے خان نواز نامی شخص کی دکان میں گھس گئے اور ایک لاکھ سے زائد کی رقم لوٹ لی۔ اس دوران دکاندار کے بیٹے شاہد الرحمن نے مزاحمت کی تو ڈاکوئوں نے فائرنگ کرکے اسے زخمی کردیا۔ دکاندار کے بیٹے نے ایک ڈاکو کو قابو کرلیا تھا جبکہ اس کے دوسرے ساتھی فرار ہو گئے۔ بعد ازاں پولیس نے تینوں ڈاکوئوں کی شناخت کرتے ہوئے حسین ، نور افضل اور آصف کے خلاف مقدمات درج کر لئے ہیں۔

مزید پڑھیں:  سعودی سرمایہ کاری ،منصوبوں کی نگرانی خود کروں گا:وزیراعظم