ویب ڈیسک:محکمہ ابتدائی تعلیم اور ہائر ایجوکیشن کے سیکرٹریٹس میں ملاقاتیوں کیلئے مشترکہ ڈیسک کائونٹر قائم کرتے ہوئے عمارت میں غیر متعلقہ افراد کے داخلے کے حوالے سے نئی پابندیاں لگانے کا فیصلہ کر لیا( ہے۔ ذرائع کے مطابق ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور ایلمنٹری ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سول سیکرٹریٹ اور ملک سعد پولیس لائنز کے سامنے واقع ہیں۔
پولیس لائن مسجد میں خود کش دھماکے کے بعد محکمہ ہائے تعلیم کیلئے بھی ایس او پیز جاری کر دیئے گئے ہیں جس کے مطابق اس عمارت کے مرکزی دروازے پر ایک مشترکہ ڈیسک کائونٹر قائم کیا جائیگا یہ ڈیسک صبح ساڑھے 8بجے کھولنے اور 5 بجے شام کو بند کرنے کی ہدایت کی گئی ہے کائونٹر پر ملاقاتیوں کے اندراج کیلئے انٹری رجسٹر لازمی رکھا جائیگا اور اس رجسٹر میں ہر ملاقاتی کے باپ کا نام، بیوی کا نام، شناختی کارڈ اور موبائل فون نمبر کا اندراج کیا جائیگا اعلامیہ کے مطابق ایجوکیشن سیکرٹریٹ کے دفاتر میں کسی بھی فرد کو اضافی سامان، بھاری بیگ یا چادر اور کمبل کے ساتھ داخلے کی اجازت نہیں ہو گی
ملاقاتیوں کی جامہ تلاشی لی جائیگی اور خواتین ملاقاتیوں کی تلاشی کیلئے لیڈیز پولیس اہلکاروں کی خدمات لی جائینگی اس کے علاوہ صبح 11بجے سے قبل اور دوپہر کو 1 بجے کے بعد کسی ملاقاتی کو ایجوکیشن سیکرٹریٹس میں جانے کی اجازت نہیں دی جائیگی مذکورہ ایس او پیز پر عملدرآمد ہائر ایجوکیشن اور ایلمنٹری ایجوکیشن کے ڈپٹی سیکرٹریز اور سیکشن آفیسرز کو دی گئی ہے انہیں عمارت کا گاہے گاہے معائنہ کرنے اور چوبیس گھنٹے چوکیداروں کی موجودگی کو یقینی بنانے کا ہدف دیا گیا ہے اسی طرح چوکیداروں کے ساتھ غیر متعلقہ افراد کی موجودگی کی شکایات پر انہیں ملازمت سے فارغ کر دیا جائیگا، عمارت میں داخل ہونیوالے ہر شخص کا ڈیسک کائونٹر پر شناختی کارڈ لیا جائیگا اعلامیہ کے مطابق ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن لیا جائیگا۔
