آل پارٹیز کانفرنس

وزیراعظم نے آل پارٹیز کانفرنس طلب کرلی، عمران خان کو شرکت کی دعوت

وزیراعظم شہباز شریف نے اہم قومی چیلنجز پر تمام قومی سیاسی قائدین کو ایک میز پر بٹھانے کا فیصلہ کرتے ہوئے 7 فروری کو آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) طلب کرلی، چیئر مین تحریک انصاف عمران خان کو بھی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دے دی۔
ویب ڈیسک: تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے بلائی گئی اے پی سی 7 فروری کو اسلام آباد میں ہوگی، اس سلسلے میں وزیر اعظم شہبازشریف کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سمیت تمام قومی سیاسی قائدین کو آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی باضابطہ دعوت دے دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر سردار ایازصادق نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور سابق وزیردفاع پرویزخٹک سے رابطہ کر کے وزیراعظم کی جانب سے چیئرمین تھریک انصاف عمران خان کو اے پی سی میں شرکت کی دعوت پہنچائی۔
وزیراعظم نے کل پشاور میں ہونے والی ایپیکس کمیٹی کے اجلاس میں بھی پی ٹی آئی کے دو نمائندوں کو بھی شرکت کی دعوت دی ہے، سردار ایاز صادق نے پی ٹی آئی رہنماؤں سے اپنی جماعت کے نامزد نمائندوں کے ناموں سے آگاہ کرنے کی درخواست کی۔
گورنر ہاؤس میں ایپیکس کمیٹی کے اجلاس میں تمام سٹیک ہولڈرز، پولیس، رینجرز اور حساس اداروں کے اعلی افسران شریک ہوں گے، اجلاس میں 30 جنوری کو پشاور پولیس لائنز کی مسجد میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعے پر غور ہوگا۔

مزید پڑھیں:  پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی دونوں نے ملک کو نقصان پہنچایا، پروفیسر ابراہیم خان