افغان حکومت سے دہشتگردی

پاکستان، افغان حکومت سے دہشتگردی کیخلاف نیک نیتی پر مبنی تعاون چاہتا ہے، دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ افغان حکومت سے دہشتگردی کے حل کے لیے نیک نیتی پر مبنی تعاون کا خواہاں ہے۔
ویب ڈیسک: اسلام آباد میں بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم نے افغان قائم قام وزیر خارجہ کا بیان دیکھا ہے، امید کرتے ہیں کہ کابل بین الاقوامی برادری سے اس حوالے سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرے گا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ہم بے گناہ جانوں کے ضیاع کو بڑی سنجیدگی سے لے رہے ہیں، اپنے پڑوسی سے امید کرتے ہیں کہ وہ بھی ایسا ہی کرے گا، دہشت گردی پاکستان و افغانستان کو درپیش ایک مشترکہ خطرہ ہے، ہمیں بے گناہ افراد و قانون نافذ کرنے والے اداروں کیخلاف دہشتگردی کرنے والے عناصر کے بارے سخت موقف اپنانا ہو گا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ہم نے ہر شہری کے تحفظ کو یقنیی بنانے کے لیے دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑنے کا عزم کر رکھا ہے، ہم الزامات اور انگلیاں اٹھانے پر یقین نہیں رکھتے، تاہم توقع کرتے ہیں کہ کوئی ملک پاکستان کیخلاف دہشت گردی کے لیے اپنی سرزمین استعمال نہیں ہونے دے گا، پاکستان افغان حکومت سے دہشتگردی کے حل کے لیے نیک نیتی پر مبنی تعاون کا خواہاں ہے۔
دفتر خارجہ ترجمان نے کہا کہ یہ وقت ہے کہ دنیا اور پاکستان کے ساتھ کیے وعدوں کو نیک نیتی سے ٹھوس اقدامات کے ذریعے پورا کیا جائے۔

مزید پڑھیں:  بجٹ 25-2024 کیلئَے سفارشات تیار، پینشن اور جامعات کے اخراجات پر فوکس