چارسدہ میں4دہشتگردمارگئ

چارسدہ میں4دہشتگردمارگئے،پڑانگ میں پولیس موبائل پرحملہ

ویب ڈیسک: چارسدہ میں دومختلف واقعات کے دوران چار دہشتگرد مارے گئے ۔ تھانہ نستہ کے علاقہ گجر آباد میں مشتبہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس جائے وقوع پر پہنچی تو دہشت گردوں نے گرفتاری دینے کی بجائے پولیس پر فائرنگ شروع کردی۔ پولیس نے بھی جوابی کارروائی شروع کی۔ فائرنگ تبادلے کے بعد سرچ آپریشن میں پولیس کو تین لاشیں ملی ہیں۔ ڈی ایس پی سرکل صنوبر نے ایس ایچ او جوہر شید کے ہمرا ہ میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے قبضہ سے خود کار اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے ۔2 دہشت گردوں کی شناخت ابوبکر ولد محمد اسحاق سکنہ محلہ عزیز خیل نستہ اور حکمت اللہ ولد عبدالصبور سکنہ اکوڑہ خٹک عظیم آباد نوشہرہ کے نام سے ہوئی ہے۔ جبکہ تیسرے کی شناخت نہیں ہو سکی۔ انہوں نے کہا کہ ہلاک دہشت گردوں نے21جنوری2023کو ڈھیری زر داد چوکی ناکہ بندی پر حملہ کیا تھا جس میں ایک کانسٹبیل عمران شہید اور دو کانسٹیبل رمیز اور یوسف زحمی ہوگئے تھے۔
دہشت گرد2 سرکاری کلاشنکوف رائفلیں بھی ساتھ لے گئے تھے۔ 3دسمبر2022کو تھانہ اکوڑہ خٹک چوکی سوڑیا خیل چوکی موبائل پر حملہ کیا گیا تھا جس میں 3پولیس اہلکار شہید ہوئے اور سرکاری اسلحہ بھی ساتھ لے گئے۔ دہشت گردوں کے قبضہ سے تین پستول جبکہ ڈھیری زر داد حملے اور چوکی سوڑیا خیل موبائل حملے میں شہید پولیس اہلکاروں سے چھینا جانے والا اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے۔ادھرپڑانگ پولیس کی موبائل پر علاقہ شابڑہ میں نامعلوم شرپسندوں نے فائرنگ کر دی۔ پولیس نے جوابی فائرنگ کرکے ایک حملہ آور کو ہلاک کردیا جبکہ ایک کو گرفتار کر لیا گیا ۔ پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والا ملزم 2020 پولیس کانسٹیبل کو قتل کر کے اس سے سرکاری کلاشنکوف بھی چھین لے گیا تھا۔ جمعرات کے روز موٹرسائیکل سوار مشتبہ افراد کو ناکہ پر موجود پولیس اہلکاروں نے رکنے کا اشارہ کیا تاہم موٹرسا ئیکل سوار افراد نے پولیس موبائل پر فائرنگ کردی۔ جوابی فائرنگ میں ایک ملزم جاں بحق ہو گیا جبکہ ایک کو گرفتار کر لیا گیا ۔ ہلاک ہونے والا ملزم ساجد عرف باٹا ولد اختیار محمد سکنہ ڈھکی مجید کورونہ 13 ستمبر 2020 کو کانسٹیبل قیصر خان کو شہید کرنے اور سرکاری کلاشنکوف چھین لے جانے میں ملوث تھا۔
ملزموں کے قبضے سے دو ہینڈ گرنیڈ اور 2 پستول برآمد ہوئے ہیں۔ پولیس نے موٹرسائیکل بھی قبضہ میں لے لی۔ ہلاک شرپسند ساجدکی نعش ڈی ایچ کیو چارسدہ اور گرفتار ملزم یاسر کو پولیس سٹیشن منتقل کر دیا گیا۔ ملزموں کی فائرنگ سے پولیس موبائل کو بھی نقصان پہنچا۔ پولیس نے علا قہ میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

مزید دیکھیں :   عدالتی اصلاحات بل سے نوازشریف،گیلانی ،ترین کواپیل کاحق مل گیا