پریس کانفرنس سانحہ پشاور

سابق وزراء کاایک گھنٹہ پریس کانفرنس میں سانحہ پشاورپرایک جملہ

ویب ڈیسک :پشاور میں پی ٹی آئی رہنمائوں نے میڈیا سے ایک گھنٹے سے زائد وقت کی بات چیت میں صرف ایک جملہ میں پولیس لائنز پر خود کش حملے کی مذمت کی جبکہ باقی سارا وقت صرف الیکشن کے حوالے سے باتیں کرتے رہے جس پر سوشل میڈیا متحرک ہوگیا اور پریس کلب سے نکلنے سے قبل ہی پی ٹی آئی کے سابق وزراء اور گورنر کی درگت بنا دی۔ جمعرات کے روز سابق گورنر شاہ فرمان نے سابق صوبائی وزراء تیمور سلیم جھگڑا اور شوکت یوسفزئی کے ہمراہ پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب میں سابق عہدیداروں نے الیکشن کے حوالے سے گلے شکوے کئے اور نگران اور مرکزی حکومتوں پر تنقید کی ۔
رہنمائوں کی تمام تر بات چیت کا مرکز الیکشن تھا اور پشاور پولیس لائنز پر ہونے والے حملے کے بارے میں پی ٹی آئی کے عہدیدار خاموش رہے ۔ یہ پریس کانفرنس تقریبا ایک گھنٹے تک جاری رہی جس میں سانحہ پشاور کے حوالے سے کوئی مذمتی بات یا حملہ آوروں کیخلاف کارروائی سے متعلق کوئی بات نہیں کی گئی جس کے بعد صحافیوں کی جانب سے سوال پر سابق گورنر شاہ فرمان نے صرف ایک جملے میں اس واقعہ کی مذمت کی اور خاموش ہوگئے دوسری جانب پی ٹی آئی کے اہم عہدیداروں کے اس رویہ پر سوشل میڈیا صارفین متحرک ہوگئے اور پی ٹی آئی رہنمائوں کے حوالے سے تنقید کرتے ہوئے ان کی کلاس لے لی۔

مزید پڑھیں:  قومی کرکٹ ٹیم 5سال بعد آئرلینڈ کا دورہ کرے گی