عمران ریاض کی گرفتاری

شیخ رشید،عمران ریاض کی گرفتاری،پی ٹی آئی صفوں میں کھلبلی

ویب ڈیسک : عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید اور صحافی عمران ریاض کو گرفتار کرلیاگیا جس سے تحریک انصاف کی صفوں میں کھلبلی مچ گئی ہے، شیخ رشید کو عدالت نے دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد پولیس نے رات گئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کو راولپنڈی بحریہ ٹائون میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کرکے میڈیکل چیک اپ کے بعد تھانہ سیکرٹریٹ منتقل کردیا، ان کے خلاف تھانہ آبپارہ اسلام آباد میں مقدمہ درج ہے۔
مقدمہ پیپلز پارٹی راولپنڈی کے نائب صدر راجہ عنایت کی مدعیت میں درج کیا گیا، شیخ رشید کے خلاف درج ایف آئی آر کے متن میں مدعی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جو بھی عمران خان کو مروانا چاہتا ہیاس سلسلے میں تمام معلومات موجود ہیں اور وہ بتانے کے لیے تیار ہے، شیخ رشید نے تمام بیان تیار کردہ سازش کے تحت دیا، وہ سابق صدر کو بدنام کرنا چاہتا ہے، ایسا کرکے شیخ رشید احمد آصف علی زرداری اور ان کے خاندان کے لئے مستقل خطرہ پیدا کرنا چاہتا ہے، کمرہ عدالت میں سماعت شروع ہونے سے قبل صحافیوں نے شیخ رشید سے سوال کیا کہ کیا رات کو راولپنڈی پولیس بھی موجود تھی ؟ جس پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نہیں راولپنڈی پولیس کا کوئی بندہ ساتھ موجود نہیں تھا، رات کو اسلام آباد پولیس اور بغیر وردی کے کچھ لوگ آئے، میرے پاس تمام وڈیوز موجود ہیں۔ سابق وزیر داخلہ شیخ رشید گرفتاری سے پہلے جیل سسرال اور ہتھکڑی زیور ہونے کی باتیں کیا کرتے تھے لیکن گرفتاری کے وقت وہ شدید طیش میں آگئے۔
شیخ رشید نے گرفتاری کے وقت مخالفین کو گالیاں دیں اور نعرے بازی کی جب کہ وہ وزیرداخلہ رانا ثنا ء اللہ، سابق صدر آصف زرداری اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو پر برس پڑے۔شیخ رشید نے تینوں کے خلاف نعرے لگوائے اور انہیں برے القابات سے بھی نوازا۔ پولیس حکام کا دعویٰ ہے کہ شیخ رشید نشے کی حالت میں تھے اور ان کے پاس سے مہنگے برانڈ کی شراب برآمد ہوئی ہے۔ سوشل میڈیا پر شیخ رشید کی پولی کلینک اسپتال میں گفتگو کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں انہوں نے کہا کہ میں 16 بار وزیر رہا ہوں، مجھ پر 16 وزارتوں میں کرپشن کا کوئی کیس نہیں ہے، بلو رانی کا بھی میرے ساتھ ٹیسٹ کیا جائے۔ شیخ رشید نے کہا کہ اگر میری گرفتاری کے دوران کوئی دھماکا یا ہلاکت ہوئی تو بلاول بھٹو زرداری، رانا ثناء اللہ شہباز شریف، حمزہ شہباز اور مریم نواز پر مقدمہ درج کیاجائے
ادھرایف آئی اے نے سینئر صحافی اور اینکر پرسن عمران ریاض خان کو حراست میں لے کر سائبر کرائم ونگ کے حوالے کردیا۔ ایف آئی اے حکام نے عمران ریاض کو اس وقت گرفتار کیا جب وہ گزشتہ رات 3 بج کر 35 پرایمریٹس ایئر لائن کی پرواز پر لاہور سے متحدہ عرب امارات جارہے تھے۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے عمران ریاض کو ایئر پورٹ سے حراست میں لینے کے بعد ایف آئی اے سائبر کرائم کے حوالے کردیا ہے اور اب ان کے خلاف سائبر کرائم ونگ میں مقدمہ درج کیا جارہا ہے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ عمران ریاض کے خلاف پہلے سے درج مقدمہ کے بارے بھی پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔ وکیل میاں علی اشفاق کے مطابق اینکر پرسن کو ایجنسی کے لاہور آفس نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔

مزید پڑھیں:  بلوچستان بھر میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان