آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا پولیس نے دہشتگردی کے خلاف فرنٹ لائن پر جنگ لڑی، بحیثیت قوم دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے اور پائیدار امن حاصل کریں گے۔
ویب ڈیسک: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پشاور پولیس لائنز دھماکے کے مقام کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پولیس کے جوانوں اور افسروں سے ملاقات کے دوران کہا کہ بحیثیت قوم دہشتگردی کی لعنت کو مل کر جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔
آرمی چیف نے خیبر پختونخوا پولیس کی بہادری اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس دہشت گردی کے خلاف اگلے محاذ پر لڑنے والی بہادر فورس ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے خیبر پختونخوا پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بلند عزم کو بھی سراہا، آرمی چیف نے وطن کے دفاع کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس کے شہداء کو خراج تحسین پیش کیا۔
