خودکش بمبار کی شناخت

خودکش بمبارکی شناخت ہوگئی،سراوردوسرے اعضاء میچ کرگئے،فیملی کی تلاش

ویب ڈیسک:پولیس لائنز پشاور مسجد میں خودکو دھماکہ سے اڑانے والے خودکش کا سر اور جسم کے دوسرے اعضاء میچ کرگئے جبکہ ایف آئی آر میں قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے پر 2 مقدمات کا اضافہ کردیا گیا ۔دھماکے کے 29زخمی ہسپتال میں زیر علاج ہیں ۔ پیرکے روز پشاور پولیس لائنز کی مسجدمیں نماز ظہر کے دوران خودکش حملہ آور نے خودکودھماکہ سے اڑایاتھا دھماکہ کے پہلے روز خودکش کا سر ملا تھا جبکہ باقی اعضاء نہیں ملے تھے۔ دھماکے کے دوسرے روز تحقیقاتی ٹیموں کو جائے وقوعہ سے بدن کے باقی اعضاء ملے تھے جو انہوں نے ڈی این اے کیلئے بھجوائے تھے۔ ڈی این اے رپورٹ گزشتہ روز تحقیقاتی ٹیموں کو موصول ہو گئی ہے۔
ٹیموں کے مطابق جائے وقوعہ سے ملنے والی ٹانگیں اور سر میچ کر گئے ہیں جبکہ خاتون کو شامل تفتیش کرلیا گیا اور خاتون کا ڈی این اے لے لیا گیا ہے اور بمبار کی فیملی سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق دھماکہ میں مجموعی طور پر دو سو سے زائد اہلکا ر زخمی ہوئے تھے جن میں اس وقت صرف 29زخمی ہسپتال میں زیر علاج ہیں جن میں ڈی ایس پی سمیت 3کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ باقی تمام زخمیوں کو گھروں کو منتقل کردیا گیا ہے ۔دھماکہ کے بعد گزشتہ روز متاثرہ مسجد میں نماز جمعہ ادا کی گئی جس میں سی سی پی او پشاور محمد اعجاز خان اور ایس ایس پی آپریشنز کاشف آفتاب عباسی سمیت سینکڑوں پولیس اہلکاروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے نماز جمعہ کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایس ایس پی آپریشنز پشاور نے کہا کہ خودکش کے جوتے اورہیلمٹ بھی برآمدہوئے ہیں جو تحقیقاتی ٹیموں کے حوالے کردیے گئے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ جو جنگ مسلط کی گئی ہے اس سے قبل بھی پشاور اور خیبر پختونخوا پولیس نے دشمن کو نقصان پہنچا کر جانوں کی قربانیاں پیش کی ہیں۔ ہمارے اور ہمارے جوانوں کے حوصلے بلند ہیں ۔
سیکورٹی لیپس کو درست کررہے ہیں،گزشتہ دنوں پولیس جوانوں کے احتجاج کا جو پروپیگنڈ ا کیا گیا تھا اس کو ہمارے جوانوں نے مسترد کیا ہے۔ وہ اپنی ڈیوٹیاں انجام دے رہے ہیں ۔ ان کا کہناتھا کہ پولیس اپنے شہداء کا بدلہ لے گی اور ہم دہشت گردوں کوسبق سکھائیں گے۔

مزید پڑھیں:  چمن میں بارشوں سے 7افراد جاں بحق ،مواصلاتی نظام درہم برہم