پشاور ماڈل ڈگری کالج

پشاور ماڈل ڈگری کالج میں ہنگامہ، توڑ پھوڑ، رنگ روڈ بلاک

ویب ڈیسک : پشاور ماڈل ڈگری کالج میں زیر تعلیم طلباء کے درمیان مذہبی بحث و مباحثہ کے بعد کالج طلباء میں اشتعال پھیل گیا۔ مشتعل طلباء نے سکول کا فرنیچر توڑ ڈالا ۔ اس دوران کالج کے باہر سے بھی لوگ سکول میں گھس آئے اور سکول کی بسوں سمیت املاک کو شدید نقصان پہنچایا ۔ طلباء اور مقامی افراد کی جانب سے احتجاج کیا گیا اور رنگ روڈ کو تقریبا ڈیڑھ گھنٹے تک بند کر دیا گیا ۔ پولیس کی مداخلت کے بعد احتجاج ختم کر دیا گیا ۔ کالج انتظامیہ نے معاملہ کی تحقیقات کرتے ہوئے سخت کارروائی کرنے کا اعلان کر دیا ہے ۔
گزشتہ روز رنگ روڈ جمیل چوک پر واقعہ پشاور ماڈل ڈگری کالج میں اسلامیات کے ٹیسٹ میں ایک طالب علم کی جانب سے دئیے گئے جوابات سے بحث کا آغاز ہوا اور معاملہ اس حد تک شدت اختیار کر گیا کہ طلباء کے درمیان اشتعال پھیل گیا۔ کالج کے طلباء اس موقع پر پرتشدد ہوگئے اور انہوںنے کالج کی املاک کو نقصان پہنچایا ۔ کالج کا فرنیچر اور بسوںکے شیشے توڑ دئیے گئے ۔ اس دوران کالج کے باہر سے بھی شہری کالج میں گھس آئے اس موقع پر شدید نعرے بازی کی گئی۔ مظاہرین نے رنگ روڈ پر آگ لگا کر سڑک کو بند کر دیا جس کے باعث بدترین ٹریفک جام رہا۔ پولیس کی جانب سے مداخلت کے بعد احتجاج ختم کر دیا گیا ۔
کالج انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق واقعہ میں ملوث شرپسند طلباء اور اگر کالج کا ملازم شامل ہوا تو اس کو کالج سے فارغ کر دیا جائے گا کیونکہ کالج میں ڈسپلن کے ساتھ مسلکی امور پر رائے زنی کی ہرگز اجازت نہیں۔ انتظامیہ نے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے ۔

مزید پڑھیں:  مریم نواز کے سکواڈ کی گاڑی کی ٹکرسے نوجوان جاں بحق