عدالتی حکم پر شیخ رشید

عدالتی حکم پر شیخ رشید اڈیالہ جیل منتقل

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے سابق صدر آصف زرداری پر قتل کی سازش کے الزام سے متعلق کیس میں شیخ رشید کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی، عدالتی حکم پر شیخ رشید کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا
ویب ڈیسک: تفصیلات کے مطابق آصف زرداری پر قتل کی سازش کے الزام سے متعلق کیس میں گرفتار شیخ رشید کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر جوڈیشل مجسٹریٹ عمر شبیر کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
تفتیشی افسر کی جانب سے شیخ رشید کے مزید 5 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے کہا گیا کہ شیخ رشید کا وائس میچنگ ٹیسٹ کرایا ہے، شیخ رشید کا فوٹو گرامیٹرک ٹیسٹ کرانا باقی ہے۔
شیخ رشید نے عدالت میں بیان دیا کہ جس طرح پولیس نے رکھا اس سے بہتر ہے مجھے موت کی سزا سنا دیں، مجھے کچھ ہوا تو 5 لوگ مجرم ہوں گے، مجھے کچھ ہوا تو آصف زرداری، بلاول بھٹو، محسن نقوی، شہباز شریف اور رانا ثنا اللہ مجرم ہوں گے۔
عدالتی حکم پر شیخ رشید کی ہتھکڑیاں کھول دی گئیں، عدالت نے کہا مجھے زخم دکھائیں جو آپ کو ہیں، جس پر شیخ رشید نے ہاتھوں پر لگے زخم جوڈیشل مجسٹریٹ کو دکھائے۔
عدالت نے شیخ رشید کے انٹرویو کا ٹرانسکرپٹ شیخ رشید کے وکیل کو دینے کا حکم دیا، شیخ رشید کے وکیل سردار عبدالرازق نے کہا کہ ان کے مؤکل کے انسانی حقوق پامال کیے جا رہے ہیں۔
عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر شیخ رشید کے مزید جسمانی ریمانڈ پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
بعد ازاں عدالت نے فیصلہ سنتے ہوئے شیخ رشید کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

مزید دیکھیں :   ایل آر ایچ میں نومولودکے جاں بحق ہونے پر ورثاء کاشدیدہنگامہ