کتنے افرادشہیدہوئے؟پولیس اورمحکمہ صحت کے اعدادوشمارمیں تضاد

ویب ڈیسک: پشاور پولیس لائنز بم دھماکہ میں جاں بحق اور زخمی افراد کی تعداد کے حوالہ سے آئی جی پولیس خیبرپختونخوا کی جانب سے بیان کے بعد پیدا ہونے والے ابہام پر محکمہ صحت نے اپنی رپورٹ جاری کردی ہے۔ اس ضمن میں ہیلتھ ڈائریکٹوریٹ میں قائم ایمرجنسی کنٹرول روم سے جاری تفصیل کے مطابق دھماکہ کے روز175زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور منتقل کیا گیا تھا جبکہ100لاشیں بھی لائی گئی تھیں ۔ 2افراد نے بعد ازاں ہسپتال میں دوران علاج دم توڑا ہے
جس کے بعد سانحہ میں جاں بحق افراد کی تعداد102ہوگئی۔ زخمیوں میں سے135کو طبی امداد کے بعد ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے جبکہ35زخمی تاحال ہسپتال کے مختلف وارڈوں میں زیر علاج ہیں۔ رپورٹ کے مطابق جو زخمی تاحال داخل ہیں ان میں سے28زخمی طبی لحاظ سے خطرے سے باہر اور سات زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ دوسری طرف محکمہ پولیس نے پشاور پولیس لائنز دھماکے میں شہید ہونے والے افراد سے متعلق حتمی فہرست جاری کردی ہے ۔اس فہرست کے مطابق خود کش دھماکے میں کُل 84 افراد شہید ہوئے۔
مردہ خانے، فرانزک شواہد اور وقوعہ سے معلومات اب مکمل ہوچکی ہیں۔شہدا میں 82 پولیس اہلکار و افسران اور دو شہری شامل ہیں۔سی سی پی او کے مطابق واقعہ سے متعلق ابتدائی رپورٹس میں ناموں کی غلطیاں ہوئیں جبکہ اب رپورٹ مکمل ہوگئی ہے۔

مزید پڑھیں:  اسرائیل سے معاہدے کیخلاف احتجاج:گوگل نے 28ملازمین کو نکال دیا