سکیورٹی آڈٹ

سرکاری اور حساس مقامات کے سکیورٹی آڈٹ کا فیصلہ

ویب ڈیسک : پولیس لائنز دھماکہ کے بعد پشاور کے تمام سرکاری املاک، حساس تنصیبات اور مقامات کی ازسرنو سیکورٹی آڈٹ کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے بعد سفارشات مرتب دے کر نئی سیکورٹی حکمت عملی اپنائی جائے گی۔ سیکورٹی آڈٹ کا فیصلہ سی سی پی او پشاور محمد اعجاز خان کی سربراہی میں پولیس لائن میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا
جس میں ایس ایس پی آپریشنز کاشف آفتاب عباسی، ایس ایس پی کوآرڈی نیشن ظہور بابر آفریدی، ایس ایس پی انوسٹی گیشن شہزادہ کوکب فاروق ، کمانڈنٹ کیمپس تجمل خان سمیت ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران پشاور پولیس لائنز دھماکہ کے بعد پیدا ہونے والی سیکورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اس حوالے سے موثر سیکورٹی انتظامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ۔ سی سی پی او کا کہنا تھا کہ تمام سرکاری املاک ، اہم عمارتوں و حساس مقامات کا ازسر نو سکیورٹی آڈٹ کیا جائے گا تاکہ سیکورٹی انتظامات کو مزید بہتر بنایا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ دوران ڈیوٹی کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور حساس مقامات و عمارتوں میں سخت سیکورٹی چیکنگ کی جائے گی۔ امن و امان کے قیام کیلئے انفارمیشن بیسڈ ٹارگٹڈ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز بڑھانے کے علاوہ سنیپ چیکنگ اور خصوصی ناکہ بندیوں پر بھی زور دیا گیا تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

مزید پڑھیں:  چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا قرعہ صاحبزادہ حامد رضا کے نام نکل آیا