سکیورٹی گارڈز

نجی سکیورٹی گارڈزکے پولیس سے ملتی جلتی یونیفارم پہننے پرپابندی عائد

ویب ڈیسک :نگراں وزیراعلی خیبرپختونخوا محمد اعظم خان نے سیاسی اجتماعات میں بعض سیاسی رہنمائوں کے نجی سکیورٹی گارڈز کی طرف سے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے ملتے جلتے یونیفارم پہننے کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری ، انسپکٹر جنرل پولیس اور محکمہ داخلہ کو ہدایت کی ہے کہ اس عمل کے موثر روک تھام کیلئے مناسب اقدامات اُٹھائے جائیں اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ تمام نجی سکیورٹی گارڈز کے یونیفارم ، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے یونیفارم سے واضح طور پر مختلف ہو ۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ حالیہ دنوں میں بعض سیاسی اجتماعات میں سیاسی رہنمائوں کے نجی سکیورٹی گارڈز کوقانون نافذ کرنے والے اداروںکے یونیفارم سے ملتے جلتے یونیفارم پہنے دیکھا گیا ہے جو نہ صرف غیر قانونی عمل ہے بلکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کیلئے ابہام کا بھی باعث ہے جو کسی بھی وقت ناخوشگوار واقعے کوجنم دے سکتا ہے جس سے بچنے کیلئے ضروری ہے کہ اس عمل کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات اُٹھائے جائیں ۔ اُنہوںنے سیاسی رہنمائوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے نجی سکیورٹی گارڈز کو اس بات کا پابند بنائیں کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے یونیفارم سے ملتے جلتے یونیفارم پہننے سے گریز کریں ۔

مزید پڑھیں:  پنجاب اسمبلی اجلاس کے دوران بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا مطالبہ