نگرا ں کابینہ بیوروکریسی سے ناخوش،اکھاڑپچھاڑکی تیاریاں

نگرا ں کابینہ بیوروکریسی سے ناخوش،اکھاڑپچھاڑکی تیاریاں

ویب ڈیسک : خیبر پختونخوا میں نگران کابینہ کو بیوروکریسی کے ساتھ کام کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ انتظامی امور نمٹانے کیلئے بیشتر محکموں نے اب تک نگراں وزراء کو بریفنگ بھی نہیں دی ہے۔ نگران حکومت بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑکا ارادہ رکھتی ہے جس کیلئے موزوں اور من پسند افسران کے انتخاب کا عمل بھی مکمل کرلیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نگران وزراء میں بیشتر کو اب تک ان کے متعلقہ محکمہ نے بریفنگ نہیں دی ہے اور نہ ہی انہیں محکمہ سے متعلق تمام تفصیلات فراہم کی گئی ہیں ۔
نگراں وزراء نے اپنے محکموں کے سیکرٹریوں سمیت سپیشل اور ایڈیشنل سیکرٹریوں کو تبدیل کرنے کی درخواست کی ہے جبکہ موزوں اور من پسند سیکرٹریوں کی تعیناتی کیلئے تمام اقدامات بھی مکمل کرلئے گئے ہیں آئندہ چند روز میں خیبر پختونخوا میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کی جائے گی جس میں انتظامی سیکرٹریز سمیت خود مختار اداروں کے سربراہوں کو بھی تبدیل کیا جائے گا الیکشن کمیشن نے پہلے ہی خیبر پختونخوا میں تعیناتیوں اور تبادلوں پر عائد پابندی میں نرمی کردی ہے جس کے بعد نگران حکومت اس ضمن میں اقدامات کر سکتی ہے۔ نئے آنے والے چیف سیکرٹری امداد اللہ بوسال کو بھی نئی تعیناتیوں کے حوالے سے اعتماد میں لے لیا گیا ہے اور جلد ہی یہ عمل مکمل کر لیا جائے گا۔

مزید پڑھیں:  غزہ جنگ :6 ماہ کے دوران 9ہزار مائیں شہید ہو گئیں