پشاوردھماکہ میں خطرناک فاسفورس استعمال کیاگیا،صدر علوی

پشاوردھماکہ میں خطرناک فاسفورس استعمال کیاگیا،صدر علوی

ویب ڈیسک : صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پشاور پولیس لائنز میں ہونے والے دھماکے میں فاسفورس استعمال کیا گیا ہے ۔ پاکستان نے پہلے بھی دہشت گردی کا مقابلہ کیا اور اسے شکست دی۔ ہمارے حوصلے آج بھی جوان ہیں اور پوری قوم مل کر اب بھی دہشت گردی کو شکست دے گی۔ وہ منگل کے روز اپنے ایک روزہ دورہ پشاور کے موقع پر وزیراعلیٰ ہائو س پشاور میں میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے، اس موقع پر نگراں وزیراعلیٰ اعظم خان اور صوبائی وزیر سید مسعود شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پشاور دھماکہ کے فوراً بعد اس لئے نہیں آیا تاکہ امدادی سرگرمیوں میں خلل نہ پڑے۔ بھاری جانی نقصان پر افسوس ہے۔
زخمیوں سے بھی ملاقات کی ہے ۔ دھماکہ خیز مواد میں فاسفورس کا استعمال کیا گیا جو نہایت خطرناک ہوتا ہے۔ دہشت گردی کا یہ گھنائونا واقعہ بڑا ہی تکلیف دہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیڈی ریڈنگ اسپتال کی انتظامیہ کی تعریف کرتاہوں کہ اتنا بڑا دھماکا اور اس کے زخمیوں کو سنبھال لیا۔ صدر نے شہداء کے لواحقین کے لیے مرکز کی جانب سے بیس بیس لاکھ روپے اور زخمیوں کو پانچ پانچ لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔ صدر نے کہا کہ کوئی بھی معاوضہ کسی بھی رشتہ کا متبادل نہیں ہوسکتا ۔
دہشت گردی دوبارہ سر اٹھا رہی ہے اس کا قلع قمع کیا جائے گا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان نے جس طرح گزشتہ کئی سال کے دوران دہشت گردی کا مقابلہ کیا اسی طرح اب بھی مقابلہ کیا جائے گا۔ دنیا کی کوئی طاقت اتنی کامیابی سے دہشت گردی کا مقابلہ نہیں کر سکتی جس طرح پاکستان نے کیا، پاکستان کے مغرب کی جانب کئی ممالک تباہ ہوئے لیکن پاکستان کی افواج ، عوامی نمائندوں ، حکومت اور عوام نے مل کر اس عفریت کو روکا ۔ ہم اب بھی دہشت گردی کا مقابلہ کرتے ہوئے اس کا قلع قمع کریں گے ۔ ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت اور مرکزی حکومت چوکس ہیں اور ہم مل کر دہشت گردوں کا مقابلہ کریںگے ۔

مزید پڑھیں:  غزہ میں فوری جنگ بندی کا وقت آ گیا ہے،اسحاق ڈار