43 ارکان اسمبلی

پی ٹی آئی کے 43 ارکان اسمبلی کے استعفے منظور کرنے کا حکم معطل

لاہور ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کے 43 ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظور کرنے کا حکم معطل کردیا۔
ویب ڈیسک: تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے 43 سابق ممبران قومی اسمبلی کی درخواست پر سماعت کی، درخواست میں سپیکر کے 22 جنوری اور الیکشن کمیشن کے 25 جنوری کے نوٹیفکیشن چیلنج کیے گئے تھے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ممبران اسمبلی نے استعفے منظور ہونے سے قبل ہی واپس لے لئے تھے، استعفے واپس لینے کے بعد سپیکر کے پاس اختیار نہیں کہ وہ استعفے منظور کرے۔

مزید پڑھیں:  سیکورٹی صورتحال، شہباز شریف نے اہم اجلاس آج طلب کر لیا

درخواست میں کہا گیا کہ ممبران اسمبلی کے استعفے منظور کرنا خلاف قانون اور بدنیتی پر مبنی ہے، ممبران قومی اسمبلی کے استعفے عدالت عظمیٰ کے طے کردہ قوانین کے برعکس منظور کیے گئے، سپیکر قومی اسمبلی نے سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کیلئے استعفے منظور کیے، استعفی منظور کرنے سے پہلے سپیکر نے ممبران کو بلا کر مؤقف نہیں پوچھا۔

مزید پڑھیں:  ڈالر کی تنزلی جاری، سٹاک ایکسچینج میں 66 ہزار کی حد بحال

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے استعفے منظور کرنے کے اقدام کو کالعدم قرار دیا جائے، عدالت سپیکر اور الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دے۔

بعدازاں عدالت نے 43 ممبران قومی اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا الیکشن کمیشن کا حکم معطل کردیا اور 43 حلقوں میں ضمنی الیکشن تاحکم ثانی روک دیا۔