ترکیہ اموات کی تعداد 15ہزار س

تباہ کن زلزلہ، ترکیہ اور شام میں اموات کی تعداد 15ہزار سے تجاوز کر گئی

ترکیہ اور شام میں تباہ کن زلزلے سے مجموعی طور پر اموات کی تعداد 15 ہزار سے تجاوز کرگئی، ترکیہ میں 12 ہزار 391 اور شام میں 2 ہزار 992 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔
ویب ڈیسک: غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شام کی سرحد کے ساتھ ترکیہ کے جنوب مشرقی علاقے میں آنے والے 7.8 شدت کے زلزلے اور اس کے آفٹر شاکس سے مرنے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، امریکا کے جیولوجیکل سروے ( یو ایس جی ایس ) کے مطابق زلزلہ تقریباً 17.9 کلومیٹر (11 میل) کی گہرائی میں آیا جبکہ ترکی کی ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی ( اے ایف اے ڈی ) نے کہرامانماراس اور گازیانٹیپ شہروں کے قریب زلزلے کی شدت 7.4 بتائی ہے۔
زلزلے کے بعد درجنوں آفٹر شاکس ریکارڈ کیے گئے اور حکام نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ خطرات کے پیش نظر تباہ شدہ عمارتوں میں داخل نہ ہوں ، حکام نے بتایا کہ ترکیہ میں مختلف عمارتوں کے ملبے سے 8,000 سے زائد افراد کو نکالا جا چکا ہے جبکہ تقریباً 3,80,000 افراد نے سرکاری پناہ گاہوں یا ہوٹلوں میں پناہ لی ہے، ترک وزیر صحت نے کہا کہ صرف ہاتائے میں 1,647 افراد ہلاک ہوئے جو کہ کسی بھی ترک صوبے میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں۔
امدادی کارکنان زلزلے سے منہدم ہونے والی عمارتوں کی باقیات کو کھودنے کے لیے منجمد درجہ حرارت میں کام کر رہے ہیں، متاثرہ علاقوں میں موسم مزید خراب ہونے کی توقع ہے جس سے امدادی کارروائیوں میں مزید مشکلات آئیں گی، منہدم عمارتوں اور تباہ شدہ سڑکوں نے بھی بچ جانے والوں کو تلاش کرنا اور متاثرہ علاقوں میں امداد پہنچانا مشکل بنا دیا ہے، زلزلے سے تباہ ہونے کے بعد کئی ایئرپورٹس بھی بند پڑے ہیں۔

مزید پڑھیں:  اسلام آباد میں خاتون ڈرائیور نے پولیس اہلکار پرگاڑی چڑھا دی