شبقدر اراضی تنازعہ پرفائرنگ

شبقدر،اراضی تنازعہ پرفائرنگ،3افرادکالرزہ خیزقتل

ویب ڈیسک : شبقدر بٹگرام میں اراضی کے تنازعہ پر مسلح افراد نے فائر نگ سے اے این پی کے صوبائی رہنما و سابق یو نین ناظم بادشاہ خان ، ڈی آر سی ممبر ابراہیم سمیت تین افراد کو قتل کر دیا اور ایک شخص شدید زخمی ہو گیا۔ مقتولین آپس میں قریبی رشتہ دار ہیں ۔ جاوید ولد عبدالرب ساکن ترخہ نے بٹگرام پولیس کو بتایا کہ وہ بادشاہ خان ، ابراہیم خان اور نیاز علی خان کے ہمراہ اپنے اراضی کی جانب آرہا تھا اس دوران ملزم ذوالفقار ، عرفان اللہ پسران زیت اللہ ساکن ترخہ نے جو پہلے سے تاک میں کھڑے تھے ہم پر فائرنگ شروع کردی۔
جس سے اے این پی کے صوبائی رہنما و سابق یونین ناظم بادشاہ خان ولد امیر محمد خان، ابراہیم خان ممبر ڈی آر سی ، چچا زاد نیاز علی ولد عبدالسخی ساکنان ترخہ اور وہ خود شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں بادشاہ خان ، ابراہیم خان اور نیاز علی زخموں کی تاب نہ لاکر جاں بحق ہوگئے۔ وجہ عناد یہ بتائی گئی ہے کہ فریقین میں میدان ڈھیری اراضی تنازعہ چلا آرہا تھا ۔ پولیس نے مجروح جاوید کی مدعیت میں ملزم ذوالفقار ، عرفان اللہ پسران زیت اللہ ساکنان ترخہ کے خلاف تفتیش شروع کردی ہے ۔
ادھر بٹگرام پولیس نے رابطے پر بتایا کہ ملزموں کی گرفتاری کیلئے سر چ آپریشن جاری ہے ۔ دریں اثناء تین مقتولین کے جنازے ان کے گھروں سے اٹھائے گئے تو رقت انگیز مناظر دیکھنے میں آئے اور ہر آنکھ اشکبار تھی کہ معمولی اراضی تنازعہ پر تین قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں ۔

مزید پڑھیں:  صدہ، فلائنگ کوچ اور کار پر فائرنگ کرنے والے دہشتگرد گرفتار