پٹرول ذخیرہ کریک ڈائون

پٹرول ذخیرہ کرنے والوں کیخلاف کریک ڈائون،7پمپ سیل،بھاری جرمانہ

ویب ڈیسک : وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ پنجاب کے دو اضلاع میں9 سو مقامات کی انسپیکشن کی گئی جہاں پٹرو ل ذخیرہ کرنے پر7 پٹرول پمپ سیل اور8 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ گزشتہ روز سرگودھا اور فیصل آباد میں پٹرول پمپس کی انسپیکشن کی گئی جہاں ایک ضلع میں530 مقامات جبکہ دوسرے ضلع میں437 انسپیکشن کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک ضلع میں ڈھائی لاکھ جرمانے کے ساتھ6 پمپس کو سیل کیا گیا اور دوسرے ضلع میں5 لاکھ 50 ہزار روپے جرمانہ اور ایک پٹرول پمپ سیل جبکہ 21 ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔
وزیر مملکت برائے پٹرولیم نے کہا کہ اگر کسی پٹرول پمپ پر پٹرول ذخیرہ کیا ہوا ملا تو اس کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جب ملک میں20 دن کا پٹرول اور29 دن کا ڈیزل موجود ہے تو کوئی بھی پٹرول پمپ پٹرول سے خالی نہیں ہو گا۔ انکا کہنا تھا کہ ہم اس بات کو یقینی بنائینگے کہ ملک میں جو بھی لوگ کسی بھی طریقے سے چاہے وہ ذخیرہ اندوزی کر کے پٹرول کی قلت پیدا کر رہے ہیں اور شہریوں کیلئے مصیبت پیدا کر رہے ہیں تو ان کیلئے مسئلہ ہو گا۔
مصدق ملک نے کہا کہ آج ملک گیر پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے سربراہ سے بات چیت ہوئی جنہوں نے کہا کہ اگر کوئی شخص ذخیرہ اندوزی نہیں کر رہا تو اس پر سختی نہ کریں جس پر انہیں یقین دہانی کرائی کہ ہم اچھے طریقے سے جائینگے اور پٹرول پمپس چیک ضرور کرینگے۔

مزید پڑھیں:  پرویز خٹک پیپلز پارٹی میں شمولیت کیلئے پر تولنے لگے