پشاور میں بارش

پشاور سمیت صوبہ بھر میں بارش ،پہاڑوں پربرفباری، سردی میں اضافہ

ویب ڈیسک:پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے میدانی اضلاع میں گرج چمک کیساتھ موسلا دھار بارش کے نئے سلسلے کے آغاز سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا اور بجلی اور گیس کے بحران نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے جبکہ بالائی اضلاع میں پہاڑوں پر برفباری سے کئی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گرگیا ہے گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش لوئر دیر میں 24 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ سردی کے لحاظ سے کالام سرفہرست رہا جہاں پر درجہ حرارت منفی سات سینٹی گریڈ ر یکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج جمعہ کے روز بھی خیبر پختونخوا کے بیشتر میدانی اور پہاڑی علاقوں میں موسلا دھار بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ جمعرا ت کے روز پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، مردان، بونیر، باجوڑ، کرم، پاڑہ چنار، وزیرستان، کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں تیز ہوائو ں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری ہوئی جس کی وجہ سے شہری علاقوں میں ایندھن کی کمی کے مسائل پیدا ہوئے اور بجلی اور گیس کی قلت رہی اور شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا جبکہ سردی کی شدت بھی بڑھ گئی ہے۔
لوئر دیر میں24 ملی میٹر، دیر بالا میں 22 ملی میٹر بارش ہوئی ہے، پاڑہ چنار میں 23، سیدو میں21، کالام اور بالا کوٹ میں17ملی میٹر، مالم جبہ، پٹن 15، کاکول 12، چترال میں9، تخت بہائی، چراٹ میں5 ملی میٹر اور پشاور سٹی میں 4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، مالم جبہ میں 9 ملی میٹر اور دروش میں 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ اسی طرح کالام میں درجہ حرارت منفی سات، پاڑہ چنار اور مالم جبہ میں منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج جمعہ کے روز بھی پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، مردان، بونیر، باجوڑ، کرم، پاڑہ چنار اور جنوبی و شمالی وزیرستان میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں:  تائیوان میں‌ قیامت خیز زلزلہ، 9 افراد ہلاک، متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا