تباہ کن زلزلے

ترکیہ اور شام میں تباہ کن زلزلے سے اموات 33 ہزار سے تجاوز کر گئیں

تباہ کن زلزلے کے باعث ترکیہ اور شام میں مجموعی طور پر جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 33 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
ویب ڈیسک: غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق تباہ کن زلزلے سے ترکیہ اور شام میں مجموعی طور پر اموات 33 ہزار سے تجاوز کر گئیں ہیں، ترکیہ میں 29 ہزار 500 سے زائد اور شام میں 4 ہزار 500 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
زلزلے سے تباہ عمارتوں کے ملبے سے لوگوں کی تلاش کا عمل جاری، ترکیہ میں 140 گھنٹے بعد 7 ماہ کے بچےکو ملبے سے نکال لیا گیا، اس کے علاوہ 136 گھنٹے بعد 13 سال کی لڑکی کو بھی ملبےسے نکالا گیا، ایک اور عمارت کے ملبے سے 70 سال کی ترک خاتون کو نکالا گیا۔
ترک وزارت انصاف نے ناقص تعمیرات میں ملوث افراد کے وارنٹ گرفتاری جاری کر تے ہوئے 12 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔
واضح رہے کہ 6 فروری کو آنے والے زلزلے سے ترکیے میں 6 ہزار عمارتیں تباہ ہوئی ہیں اس حوالے سے عالمی ادارہ صحت کا کہناہے کہ دونوں ملکوں میں 2 کروڑ 60 لاکھ افراد متاثرہوئے ہیں، متاثرین کے لیے 4 کروڑ 28 لاکھ ڈالر کی فوری امدادکی اپیل کی گئی ہے۔
اقوام متحدہ نے خدشہ ظاہرکیا ہےکہ ترکیہ اور شام میں زلزلے سے اموات کی تعداد دوگنا ہوسکتی ہے۔
سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے مطالبہ کیا ہےکہ سلامتی کونسل ترکیہ اور شام کے درمیان سرحد پار امدادی مراکز کھولنے کی اجازت دے۔

مزید پڑھیں:  چین میں طوفانی بارشیں، مواصلاتی نظام درہم برہم، متعدد افراد زخمی