عمران خان لاہور ہائیکورٹ پیش

عمران خان لاہور ہائیکورٹ میں پیش، حفاظتی ضمانت منظور

لاہورہائیکورٹ نے تھانہ سنگجانی میں درج مقدمے میں سابق وزیراعظم عمران خان کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی جبکہ تھانہ سیکرٹریٹ میں درج مقدمے میں حفاظتی ضمانت کی درخواست واپس لیے جانے کی بنیاد پر نمٹا دی گئی۔
ویب ڈیسک: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی روانگی کے موقع پر لاہورہائیکورٹ کے راستے پر سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے تھے، کارکنوں کی بڑی تعداد ہونے کی وجہ سے عمران خان مقررہ وقت پر عدالت نہ پہنچ سکے، تاخیر سے عدالت پہنچ کر انہوں نے اپنی حاضری لگوائی۔
عدالتی عملہ کی جانب سے مزید لیٹ ہونے کی صورت میں ججز صاحبان کی روانگی کا بتایا گیا جس پر عمران خان کے وکلاء کی جانب سے پیشی کی یقین دہانی کرائی گئی۔
احاطہ عدالت میں کارکنوں کی بڑی تعداد کی وجہ سے عمران خان گاڑی سے نہ نکل سکے شبلی فراز نے عدالت سے وہیں پر حاضری لگوانے کی استدعا کی۔
دوران سماعت جسٹس علی بابر نجفی نے استفسار کیا کہ درخواست گزار کہاں ہے، جواب میں عمران خان کے وکیل نے کہا وہ احاطہ عدالت میں موجود ہیں.
معزز جج نے کہا عدالت میں درخواست گزار کو پیش ہونے سے کس نے روکا ہے؟، وکیل نے کہا کسی نے روکا نہیں مگر سکیورٹی اہلکار تعاون نہیں کر رہے۔
عدالت میں عمران خان نے کہا کہ میرے ایکسرے ہوئے ہیں، ڈاکٹرز نے دو ہفتوں کا کہا ہے، میری ٹانگ کافی حد تک ٹھیک ہو چکی ہے.
عمران خان نے کہا میرا چیک اپ 28 کو ہونا ہے، جس پر جسٹس علی باقر نجفی نے کہا کہ عام طور ہر 10 دن تک کی اجازت دی جاتی ہے۔
عمران خان نے عدالت سے کہا کہ میری پارٹی کا نام ہی انصاف کے نام پر ہے، میں عدالتوں کا مکمل احترام کرتا ہوں۔

مزید پڑھیں:  یو اے ای میں‌بارشوں کے باعث پاکستانی قونصل خانہ بند ، اعلامیہ جاری