سپریم کورٹ جج کے خلاف ریفرنس

تمام بارکونسلزکاسپریم کورٹ جج کے خلاف ریفرنس دائرکرنے کااعلان

ویب ڈیسک :ملک کی بار کونسلز نے گزشتہ دنوں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی آڈیو لیک کے معاملے پر سپریم کورٹ کے جج کے خلاف آئندہ ہفتے سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کرنے کا اعلانکردیا۔اسلام آباد میں پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین حسن رضا پاشا نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ اجلاس میں تمام صوبائی بار کونسلز، اسلام آباد بار کے چیئرمین اور ممبران جوڈیشل کونسل کو مدعو کیا گیا اور موجودہ صورتحال پر بات چیت کی گئی۔انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں آڈیو لیک کا معاملہ اٹھایا گیا آڈیو لیکس کی فارنزک کا مطالبہ چیف جسٹس سے کیا تھا لیکن سپریم کورٹ نے بار کونسلز کے مطالبے پر کوئی رد عمل نہیں دیا۔
ان کا کہنا تھاکہ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے جج کیخلاف تمام بارکونسلزعلیحدہ علیحدہ ریفرنس فائل کریں گی، آرٹیکل 209 کے تحت سپریم کورٹ کے جج کے خلاف ریفرنسز آئندہ ہفتے دائرکریں گے، سندھ، بلوچستان، پشاور،لاہور، اسلام آباد اور پاکستان بارکونسل ریفرنسز دائر کریں گی۔حسن رضا پاشا کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس سے مطالبہ کیا تھا آڈیو جھوٹی ہے یا سچی، ذمہ داران کو سزادیں جن ججز کو نظر انداز کر کے جونیئر جج تعینات کیے جاتے ہیں وہ جذبے سے کام نہیں کرتے
جو جج سپریم کورٹ تعیناتی کے قابل نہیں وہ ہائیکورٹ میں رہنے کے بھی قابل نہیں۔ان کا مزید کہنا تھاکہ پاکستان بار کونسل عابدزبیری کو نوٹس دے گی اور ان سے جواب لے گی، توقع کرتے ہیں کہ آڈیو لیکس کے بعد جج عہدے سے استعفیٰ دے دیں گے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کے خلاف ریفرنس بدنیتی پر مبنی تھا لہٰذا حکومت جسٹس فائز عیسیٰ کے ریفرنس کے فیصلے پرنظر ثانی اپیل واپس لے۔

مزید پڑھیں:  پی ٹی آئی کا جمعہ سے ملک گیر احتجاج شروع کرنےکا فیصلہ