ایم ٹی آئی غیرقانونی بھرتیاں

ایم ٹی آئی ہسپتالوں میں غیرقانونی بھرتیاں،انکوائری دوبارہ شروع

ویب ڈیسک:محکمہ صحت نے مختلف ڈاکٹر تنظیموں کے مطالبات پر ایم ٹی آئی ہسپتالوں میں4ہزار سے زائد ملازمین کی غیر قانونی بھرتی سے متعلق سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے حکم پر شروع کی گئی انکوائری ساڑھے چار سال کے وقفہ کے بعد از سر نو شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ محکمہ صحت کے ذرائع نے بتایا ہے کہ سپریم کورٹ کے ازخود نوٹس کیس میں صوبہ کے4ایم ٹی آئیز میں غیرقانونی بھرتیاں کرنے کی شکایات پر محکمہ صحت کو انکوائری کمیٹی قائم کرنے اور اس سلسلہ میں پراونشل انسپکشن ٹیم کے تعاون سے بھی انکوائری کرانے کی ہدایت کی گئی تھی۔ اس ضمن میں پی آئی ٹی نے اپنی انکوائری کروائی تھی اور انکوائری کی سفارشات پر عملدرآمد کیلئے رپورٹ محکمہ صحت کو بھیجی گئی ۔ جس کے بعد محکمہ صحت نے بھی انکوائری شروع کی تاہم یہ انکوائری افسروں کے تبادلوں کے باعث رک گئی تھی ۔
اس کے تقریبا ایک سال کے بعد دوبارہ انکوائری شروع کی گئی لیکن اس کی سفارشات کو بعدا زاں محکمہ صحت کے حکام نے الماریوں میں بند کرکے اس اہم معاملہ کو دفنا دیا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ مختلف ڈاکٹر تنظیموں کی جانب سے سخت دبائو کا سامنا ہے اور بار بار اعلیٰ حکام کو درخواستیں دی جارہی ہیں جس کی بنیاد پر یہ اہم انکوائری دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے بتایا جارہا ہے کہ محکمہ صحت کی ا نکوائری ٹیموں نے اپنی سفارشات میں بڑے پیمانے پر غیر قانونی بھرتیوں کی نشاندہی کی ہے اس لئے اب دوبارہ سے یہ اہم معاملہ کھولنے کی منصوبہ بندی ہے۔ آئندہ دنوں کے دوران چاروں ایم ٹی آئیز کیخلاف یہ انکوائری عام کردی جائے گی۔

مزید پڑھیں:  غزہ میں ہر 10 منٹ میں ایک بچہ جاں بحق ہو رہا ہے، یونیسیف