وزیر داخلہ راناثناءاللہ نے کہا ہے کہ جیل بھرو تحریک اب ڈوب مرو تحریک بن چکی، عمران نے ملک میں انارکی پھیلانے کا تہیہ کر رکھا ہے۔
ویب ڈیسک: تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کے جلاؤ گھیراؤ اور انتشار پھیلانےکے سارے حربے ناکام ہوئے، ابھی دور کی جیلوں میں کافی گنجائش ہے، پہلے وہ بھریں گے پھر نزدیک کی بھریں گے، دور کی جیلیں بھر جائیں تو بعد میں لاہور اور راولپنڈی کی جیلیں بھریں گے۔
راناثناءاللہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ 8 ماہ سے عمران خان نے فتنہ برپا کر رکھا ہے، عمران خان نے4 سال ملک کے لیے مسائل پیدا کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ جیل بھرو تحریک میں 80 فیصد افراد ضمانت کی درخواست کر رہے ہیں، جیل بھرو تحریک پی ٹی آئی اور عمران خان کے لیے ڈوب مرو تحریک بن چکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ملک کی بہتری اور مسائل کے حل کے لیے کوئی لمحہ خرچ نہیں کیا، اس نے ہر دن فتنہ گری اور ملک کو انار کی کی طرف دھکیلنے کے لیے خرچ کیا، یہ چاہتا ہے ملک سیاسی عدم استحکام کا شکار رہے۔
Load/Hide Comments