سپیکر اسمبلی راجہ پرویز اشرف

مستعفی ارکان کو اجلاس میں شرکت کی اجازت نہیں،سپیکر اسمبلی اپنے فیصلے پر ڈٹ گئے

ویب ڈیسک: تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی کی بحالی کے معاملے پر اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے اپنے فیصلے سے ہٹنے سے انکار کر دیا۔ ذرائع قومی اسمبلی کے مطابق تحریک انصاف کے جن ارکان کے استعفے منظور ہوچکے وہی فیصلہ حتمی ہے، 35 میں سے کسی بھی رکن کو قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے 32 ارکان اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن معطل کردیا۔ حکام قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ مستعفی پی ٹی آئی رکن نے ایوان میں آنے کی کوشش کی تو قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔ لاہور ہائیکورٹ یا الیکشن کمیشن نے کسی پی ٹی آئی رکن کو بحال نہیں کیا، الیکشن کمیشن نے صرف ضمنی انتخابات کا اپنا نوٹیفیکیشن معطل کیا ہے۔ ذرائع قومی اسمبلی نے بتایا کہ لاہور ہائیکورٹ نے بھی اسپیکر کے استعفے منظور کرنے کے فیصلے کو معطل نہیں کیا اور الیکشن کمیشن نے بھی کسی بھی تحریک انصاف رکن کی رکنیت بحال نہیں کی۔ ذرائع قومی اسمبلی کے مطابق تحریک انصاف عدالتی فیصلے کی اپنی مرضی سے تشریح کر رہی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں الیکشن کمیشن نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے تناظر میں تحریک انصاف کے پنجاب سے تعلق رکھنے والے 32 ارکان قومی اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کرنے اور 27 حلقوں کے ضمنی انتخابات کا انتخابی شیڈول معطل کیا تھا۔

مزید پڑھیں:  دہشتگردوں کے خلاف زیرالتوا مقدمات جلد نمٹائے جائیں، شہداء فورم بلوچستان