خیبر پختونخوا پولیس جدید آلات

امریکہ کی خیبر پختونخوا پولیس کو جدید آلات دینے کی پیشکش

ویب ڈیسک:امریکی سفیر ڈونلڈ اے بلوم کی قیادت میں وفد نے خیبرپختونخوا پولیس کیلئے مختلف عمارتوں کی تعمیراور پولیس کو جدید آلات وسازوسامان سے لیس کرنے میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرادی۔ گزشتہ روز یو ایس مشن اور انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لاء انفورسمنٹ(آئی این ایل )کے چھ رکنی وفد نے سنٹرل پولیس آفس پشاور میں انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا اختر حیات خان سے ملاقات کی ۔ وفد کے دیگر ارکان میں پشاور قونصلیٹ کے یو ایس قونصل جنرل پنفیلو مارقیز، ڈائریکٹر آئی این ایل مس لوری جے انٹولینز، پولٹیکل اکنامکس سیکشن چیف نکٹاساکیز، پشاور ریجنل ڈائریکٹر سٹیفن مارینو اور پروگرام کوآرڈی نیٹر احسن علی شامل تھے۔
ملاقات میں آئی این ایل کی جانب سے محکمہ پولیس کی افرادی قوت کی صلاحیتیں بڑھانے کے حوالے سے مختلف سرگرمیو ں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صوبائی پولیس سربراہ نے وفد کو پولیس جوانوں کو فراہم کی جانے والی تربیتی پروگراموں، تفتیشی شعبہ، دہشتگردی سے موثر طور پر نمٹنے کیلئے سی ٹی ڈی کی تنظیم نو اور اپ گریڈیشن اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی پولیسنگ کے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ وفد کے سربراہ نے پولیس اقدامات بالخصوص دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کوسراہااور آئی جی پی کو صوبے میں پولیس کیلئے درکار مختلف عمارتیں تعمیر کرنے ، پولیس کو جدید آلات اور سازو سامان سے آراستہ کرنے اور فورس کی پیشہ ورانہ ضروریات پوری کرنے کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔ آئی جی پی نے وفد کے ارکان کو خصوصی سووینیئر اور یادگاری پولیس شیلڈ بھی پیش کئے۔

مزید پڑھیں:  اوور بلنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، محسن نقوی