ایل آر ایچ ہڑتال

ایل آر ایچ میں کلاس فور ملازمین کی ہڑتال اور احتجاج

ویب ڈیسک: لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور کے کلاس فور ملازمین نے ایم ٹی آئی ایکٹ اور ہسپتال انتظامیہ کیخلاف ہڑتال شروع کرتے ہوئے ڈیوٹی سے بائیکاٹ کر دیا ہے اس سلسلے میں جمعہ کے روز ملازمین نے ہسپتال کے انتظامی بلاک کے سامنے جمع ہوکر احتجاجی مظاہرہ کیا اور نعرے بازی کی اس موقع پر سکیورٹی کے انتظامات کئے گئے تھے جس کی وجہ سے کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا احتجاجی مظاہرین سے خطاب میں کلاس فور یونین کے عہدیداروں نے بتایا کہ ہسپتال میں ایم ٹی آئی ایکٹ کے ذریعے ظالمانہ فیصلے کئے جارہے ہیں اور ہسپتال میں ڈائریکٹر، ایڈیشنل ڈائریکٹر اور منیجرز کی فوج ظفر موج کو بھاری تنخواہوں پر بھرتی کیا گیا ہے جو کہ نچلی سطح کے ملازمین کا استحصال کررہے ہیں
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ پی ٹی آئی کی اصلاحات کو واپس لیتے ہوئے اس ایکٹ کو ختم کردیا جائے اور نوشیروان برکی کو بورڈ آف گورنر اور صوبائی پالیسی بورڈ کی سربراہی سے ہٹادیا جائے ملازمین نے آج بھی ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے دوسری جانب ملازمین کی ہڑتال کے باعث مریضوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور مریضوں کے ساتھ موجود تیمارداروں نے اپنے مریضوں کو وھیل چیئرز اور سٹریچرز پر وارڈز میں منتقل کیا۔

مزید پڑھیں:  فلسطین کی رکنیت کی قرار داد کو ویٹو کرنا افسوسناک ہے ،پاکستان