وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین عمران خان کی قاتلانہ حملے کی کہانی جھوٹ پر مبنی ہے، حکومت جس دن فیصلہ کرے گی اسی دن عمران خان کو گرفتار کرلیا جائیگا۔
ویب ڈیسک: تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کی گرفتاری کے لیے اسلام آباد پولیس لاہور گئی، عمران خان پر توشہ خانہ کیس میں فرد جرم لگنی ہے، ان کو پتہ ہے پیش ہوں گا تو فرد جرم لگنی ہے، عمران خان پر بھی قاتلانہ حملے کی کہانی جھوٹ ہے،عدالتوں میں پیش ہونے کے بہانے ہیں کوئی قاتلانہ حملہ نہیں ہو سکتا۔
رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ حکومت جس دن فیصلہ کرے گی اسی دن عمران خان کو گرفتار کرلیا جائیگا، گرفتاری مشکل کام نہیں، تین دن پہلے بھی گرفتاری ہو سکتی تھی، اگر گرفتاری کرنا ہوتی تو کارکن نہیں روک سکتے تھے، اگر ہر قیمت پر عمران خان کو گرفتار کرنا ہوتا تو کوئی رکاوٹ نہیں بن سکتا تھا، حکومت چاہتی تو تین روز پہلے عمران خان کو گرفتار کرسکتی تھی، 25 مئی کو بھی گرفتار کرسکتی تھی۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ صورتحال سے عدالت کو آگاہ کر دیا جائےگا، ن لیگ الیکشن کے لیے پوری طرح تیار ہے، ہمارا بنیادی موقف ہےکہ ملک کی بہتری کے لیے الیکشن ہوں، الیکشن عمران خان کی ضد کی وجہ سے نہیں ہونا چاہیے۔
Load/Hide Comments