اداکار قوی خان انتقال

ٹی وی اور فلم کے معروف اداکار قوی خان کینیڈا میں انتقال کرگئے

کینسر کے عارضے میں مبتلا ریڈیو، تھیئٹر، ٹی وی اور فلم کے معروف لیجنڈ اداکار محمد قوی خان 80 سال کی عمر میں کینیڈا میں انتقال کر گئے ہیں,
ویب ڈیسک: تفصیلات کے مطابق ٹی وی اور فلم کے معروف لیجنڈ اداکار قوی خان کینسر کے عارضے میں مبتلا تھے اور کچھ عرصے سے علاج کی غرض سے اپنے بچوں کے پاس کینیڈا میں ہی مقیم تھے، قوی خان 1942 میں پشاور میں پیدا ہوئے، انہوں نے ٹی وی، تھیٹرز، فلموں اور ریڈیو میں اپنے فن کے جوہر دکھائے ہیں۔
قوی خان کو پرائیڈ آف پرفارمنس اور ستارہ امتیاز سے بھی نوازا گیا جبکہ حکومت نے رواں سال انہیں پاکستان کے سب سے بڑے ایوارڈ "نشان پاکستان” کیلئے بھی نامزد کر رکھا تھا اس کے علاوہ انہیں ریڈیو اور پاکستان ٹیلی ویژن نے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا ہے۔
اداکار قوی خان نے لاکھوں میں تین، اندھیرا اجالا، دن، انگار وادی، آشیانہ جیسے ڈراموں میں کام کیا، ٹائیگر گینگ، مٹی کے پتلے، سوسائٹی گرل، بیگم جان، سرفروش جیسی فلموں میں بھی اداکاری کے ذریعے مداحوں کو اپنا گرویدہ بنایا۔
دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف، نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ سندھ سمیت دیگر اہم شخصیات نے لیجنڈ اداکار قوی خان کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے اور اپنے تعزیتی پیغامات میں انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔

مزید پڑھیں:  بشری بی بی کا طبی معائنہ، شوکت خانم ہسپتال کے ڈاکٹرز کو اجازت دی جائے، عمر ایوب