عمران خان ہٹانے کی درخواست

عمران خان کو پارٹی سربراہی سے ہٹانے کی درخواست خارج

الیکشن کمیشن نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو پارٹی سربراہی سے ہٹانے کی درخواست خارج کر دی۔
ویب ڈیسک: چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار محمد آفاق ایڈووکیٹ الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے جبکہ عمران خان نے الیکشن کمیشن میں جواب جمع کروایا۔
دوران سماعت، وکیل عمران خان بیرسٹر گوہر نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ معاملے پر حکم امتناع بھی دے چکی ہے جبکہ ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو عمران خان کے خلاف کوئی بھی حکم جاری کرنے سے روک رکھا ہے۔
پارٹی سربراہی کیس میں جمع کروائے گئے جواب میں عمران خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے اسپیکر کی جانب سے دائر ریفرنس پر ڈی سیٹ کیا اور ڈی سیٹ ہونے کے بعد قومی اسمبلی کا الیکشن بھی لڑا۔ لاہور ہائیکورٹ الیکشن کمیشن کو حتمی فیصلے سے روک چکی ہے اور وقت کا ضیاع روکنے کے لیے سماعت ہائیکورٹ کے فیصلے تک روکی جائے۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ہائیکورٹ نے کمیشن کو حتمی فیصلے سے روکا ہے سماعت سے نہیں، جس پر بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ سماعت سے روکنے کے حکم کا تو میں بھی نہیں کہہ رہا.
درخواست گزار آفاق احمد نے کہا کہ الیکشن کمیشن مجھے غلط نوٹس بھیجتا رہا ہے اور اسحاق ڈار کے نوٹس بھی مجھے بھیجے جا رہے ہیں، ڈپٹی ڈائریکٹر لاء کی نااہلی کی وجہ سے نوٹس غلط اور تاخیر سے پہنچے۔
چیف الیکشن کمشنر نے آفاق احمد کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ کسی پر انگلی نہ اٹھائیں، اپنی آواز بھی نیچے رکھیں اور صرف کیس پر بات کریں۔
چیف الیکشن کمشنر نے عمران خان کو پی ٹی آئی کی سربراہی سے ہٹانے کی درخواست خارج کردی۔

مزید پڑھیں:  مالاکنڈ:طوطہ کان میں موٹرسائیکل حادثہ ،ماں بیٹا جاں بحق