ویب ڈیسک: پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے پر مسلسل تنقید اور بڑی کرپشن کے الزامات کے بعد ٹرانس پشاور کے چیف ایگزیکٹو فیاض خان نے استعفیٰ دیدیا انکا استعفیٰ کمپنی نے صوبائی حکومت کو ارسال کردیا ہے۔ نگران حکومت نے چند روز قبل پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے پر سوالات اٹھاتے ہوئے نگران حکومت نے تمام تحقیقاتی اداروں کو انکوائری کرنے کی ہدایت کی تھی اور دعویٰ کیا تھا کہ بی آر ٹی میں اربوں روپے کی کرپشن ثابت ہوگی۔
ذرائع کے مطابق ان الزامات کے بعد چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹرانس پشاور فیاض خان نے استعفیٰ دے دیا ہے اور وہ اپنے عہدے سے علیحدہ ہوگئے ہیں۔ ترجمان ٹرانس پشاور صدف کامل نے فیاض خان کے استعفے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرانس پشاور کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فیاض خان نے کمپنی کی پالیسی کے ضوابط کے مطابق استعفیٰ دیا ہے۔
فیاض خان اڑھائی برس تک کمپنی کے سربراہ رہے ہیں۔ استعفیٰ منظوری کیلئے صوبائی حکومت کو بھیج دیا گیا ہے۔ نئے چیف ایگزیکٹو کی تعیناتی تک صوبائی حکومت قائم مقام چیف ایگزیکٹو کی تعیناتی کرے گی دوسری جانب نگران وزیر ٹرانسپورٹ شاہد خٹک نے دعویٰ کیا ہے کہ چیف ایگزیکٹو ٹرانس پشاور گزشتہ ماہ فروری میں ہی ملک چھوڑ کر فرار ہوچکے ہیں۔
