حیات آباد ماچس فیکٹری دھماکہ

حیات آباد،ماچس فیکٹری میں دھماکہ ، 2 مزدورجاں بحق

ویب ڈیسک: پشاور کے حیات آبادانڈسٹریل سٹیٹ میں ماچس کی پرانی فیکٹری میں پراسرار دھماکہ سے2 مزدور جاں بحق ہوگئے،بتایاجاتا ہے کہ مزدوروں نے کوڑا کرکٹ جمع کرکے اسے آگ لگادی تھی جس سے دھماکہ ہوا،فیکٹری کی عمارت 8یا9سال سے بند پڑی تھی۔زورداردھماکہ سے علاقہ میں سخت خوف وہراس پھیل گیا تھااورقریبی عمارتیں لرز اٹھی تھیں۔ پولیس کی ابتدائی اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز حیات آباد میں ایک پرانی ماچس کی فیکٹری میں دوران صفائی پراسرار دھماکہ ہوا جس کے نتیجہ میں فیکٹری کی چھت اور دیواریں زمین بوس ہوگئیں جبکہ وہاں کام کرنے والے 2 مزدور ملبے تلے دب کر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
ابتدائی طور پر دھماکہ کی نوعیت کے بارے میں معلوم نہیں ہوسکا تاہم بتایاجارہا ہے کہ وہاں پر کمیکل بھی موجود تھا۔ پولیس افسران اور تفتیشی ٹیم نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھی کرلی ہیں جبکہ ریسکیواہلکاروں نے ملبہ ہٹانے کا کام شروع کیا۔ جاں بحق ہونے والے دونوں مزدوروں کی شناخت عابد ولد اول خان ساکن شاہ کس اور وخیار ساکن افغانستان سے ہوئی ہے جن کی نعشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق مذکورہ عمارت میں ماچس کی فیکٹری تھی اور یہاں پرصفائی کاکام بھی ہورہا تھا ۔
پولیس نے بتایا کہ دھماکہ سے تباہ ہونے والی فیکٹری 89سال پرانی ہے جسے حاجی شیر شنواری نامی شخص نے لیز پر لیا ہے۔ مزدوروں نے مبینہ طور پر کوڑا کرکٹ جمع کرکے اسے آگ لگائی جس کے دوران زوردار دھماکہ ہوگیا۔ پولیس ٹیموں کی جانب سے دھماکہ کی نوعیت جاننے سے متعلق بھی تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:  پاک ایران بہتر تعلقات پر امریکی رویئے پر ملیحہ لودھی کا دو ٹوک موقف