بنوں پولیس اہلکار قتل

بنوں میں خون کی ہولی،پولیس اہلکارسمیت4افرادقتل،6زخمی

ویب ڈیسک: بنوں ڈیرہ اسماعیل خان روڈ پر مسلح افراد کی فائرنگ سے چار افراد جاں بحق اور تین طلبہ سمیت چھ افراد زخمی ہو گئے۔ عبدالقادر عرف تیری ولد نقیب اللہ شاہ سکنہ نسیم اکبر شاہ شیخان اپنے ساتھی کے ہمراہ موٹرسائیکل پر ڈی آئی خان روڈ پر جا رہا تھا کہ ایک سفید رنگ کی ویگو گاڑی نے اس کا تعاقب شروع کردیا ۔ ڈیرہ روڈ پر نصیر پیٹرول پمپ کے قریب ویگو گاڑی میں سوار افراد نے ان پر فائرنگ شروع کردی
جس کے نتیجے عبدالقادر کا ساتھی زخمی ہو کر گر گیا جبکہ عبدالقادر عرف تیری نے موٹرسائیکل بھگا دی اور نیو سبزی منڈی تک پہنچتے ہوئے چکر منڈان کی طرف مڑنا چاہا ۔ اسی دوران نجی سکول کی چھٹی ہوگئی۔ عبدالقادر پر ویگو گاڑی میں سوار افراد نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں عبدالقادر، راہگیر پولیس اہلکار عارف اللہ ولد محمد فقیر سکنہ سیرو بڈا خیل، احسان اللہ ولد فضل ربی سکنہ ہنجل نور باز اور سکول طالب علم طفیل محمد ولد محمد عبداللہ سکنہ ایمل خیل عیسکی جاں بحق ہو گئے
جبکہ ولید، محمد ایاز سکنہ گھمبر ، ساجد ولد نصرت سکنہ شہباز عظمت خی ، عامر ولد رضوان اللہ سکنہ کالا خیل ، کاشف ولد سمیع اللہ سکنہ لنڈیڈاک ، میر سعود خان ولد میر سدا خان سکنہ ظالم کلہ منڈان اور امجد ولد نادر سکنہ کوٹکہ اعظم آ باد زخمی ہوگئے ۔ نعشوں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ جاں بحق پولیس اہلکار عارف اللہ کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کردی گئی۔ واقعہ کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں ایس ایچ او تھانہ صدر غفار علی کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے ۔

مزید پڑھیں:  نوازشریف سیاست میں سرگرم، جلد پارٹی صدارت سنبھالیں گے