سعودی عرب ایران تعلقات

سعودی عرب ایران تعلقات بحال ہونے کا خیر مقدم کرتے ہیں، دفترخارجہ

سعودی عرب اور ایران کے سفارتی تعلقات کے حوالے سے ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان دونوں اسلامی ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات معمول پر آنے کا خیرمقدم کرتا ہے۔
ویب ڈیسک: تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان چین کی مدد سے سعودی عرب اور ایران کے سفارتی تعلقات معمول پر لانے کا خیرمقدم کرتا ہے، یقین ہے کہ یہ اہم سفارتی پیشرفت خطے اور اس سے باہر امن و استحکام میں معاون ثابت ہوگی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس تاریخی معاہدے کو مربوط کرنے میں چین کی دور اندیش قیادت کے کردار کو سراہتے ہیں، اس مثبت پیشرفت پر سعودی عرب اور اسلامی جمہوریہ ایران کی ذہین قیادت کو سراہتے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق پاکستان مشرق وسطیٰ اور خطے میں تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا، امید ہے کہ یہ مثبت قدم علاقائی تعاون اور ہم آہنگی کیلیے ایک راستے کا تعین کرے گا۔
واضح رہے کہ ایران اور سعودی عرب سفارتی تعلقات بحال کرنے پر رضا مند ہوگئے ہیں اور دونوں ملک دو ماہ میں سفارت خانے کھولنے پر رضامند ہوگئے ہیں۔
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ معاہدہ چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ہونے والے مذاکرات کے بعد سامنے آیا، چین کی ثالثی میں سعودی عرب اور ایران نے تعلقات کی بحالی پر اتفاق کرلیا ہے۔

مزید پڑھیں:  امریکی یونیورسٹی میں اسرائیل مخالف احتجاج پر 100سے زائد طلباگرفتار