بنوں پولیس بم وبلٹ پروف گاڑیاں

دہشتگردوں سے نمٹنے کیلئے ڈیرہ،بنوں پولیس کو بم وبلٹ پروف گاڑیاں فراہم

ویب ڈیسک:ضم اضلاع سمیت ڈیرہ اسماعیل خان اور بنوں ریجنزمیں پولیس کو محفوظ کرنے اوردہشتگردوں سے نمٹنے کیلئے جدید ہتھیاروں اور بکتربند گاڑیوں کی فراہمی کا سلسلہ شروع کردیا گیاہے ،اس ضمن میں جدید اسلحہ کے بعد بم اور بلٹ پروف گاڑیاں بھی فراہم کردی گئی ہیں تاکہ ان اضلاع میں دہشتگردوں کے حملوں کو پسپا کیا جاسکے۔واضح رہے کہ جنوبی اضلاع میں دہشتگردی کے خطرات کے پیش نظر اور پولیس اہلکاروں کی جانوں کی حفاظت کیلئے جدید بلٹ پروف گاڑیوں کی ضرورت شدت سے محسوس کی جارہی تھی۔ان اضلاع میں پچھلے دنوں رات کی تاریکی میں مختلف پولیس چوکیوں پر دہشتگردوں کے پے درپے حملوں و پولیس کی جانب سے اْن کو پسپا کرنے کے واقعات رونما ہوئے تھے۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا اخترحیات خان نے ان علاقوں میں ممکنہ دہشتگردی کے پیش نظر وہاں کی پولیس کوبم وبلٹ پروف گاڑیاں فراہم کرنے کا اعلان کیا تھاجبکہ پشاور سمیت دیگر اضلاع میں پولیس کو پہلے ہی تھرمل ویپن سائٹ فراہم کئے جاچکے ہیں ۔اس سلسلے میں گزشتہ روز ٹیلی کمیونیکیشن برانچ پشاور میں تقریب کے دوران ڈیرہ و بنوں ریجن کے پولیس کو4،4 عدداے پی سیز گاڑیاں حوالہ کی گئیں جو ایلیٹ پولیس فورس سے لیکر ان ریجنز کو روانہ کی گئی ہیں۔پولیس سربراہ نے اپنے بیان میں کہا کہ جنوبی اضلاع میں امن وامان کے قیام میں درپیش چیلنجز و موثر پولیسنگ کو یقینی بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔
ان اضلاع میںپولیس کے جوانوں نے فرائض کی ادائیگی کے دوران بڑی قربانیاں دی ہیں اور وہاں پر پولیس جوانوں کا حق بنتا ہے کہ قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کیلئے انہیں تمام وسائل و سہولیات دستیاب ہوں۔ آئی جی پی کاکہنا تھا کہ دہشتگردوںکے ساتھ مقابلے کیلئے پولیس فورس کے جوانوں کو ہر جگہ پر جدید ہتھیارو جنگی آلات سے لیس کیا جائے گا۔ اخترحیات خان نے اْمید ظاہر کی ہے کہ ڈیرہ اور بنوں ریجنز کواے پی سیز،بکتربندگاڑیوں کی فراہمی سے وہاں کے جوانوں کے استعداد کار میں اضافہ ہوگا ۔اس سے قبل ضم اضلاع کی پولیس کو 6عدد بکتر بند گاڑیاں فراہم کی گئی تھیں جو بم وبلٹ پروف سمیت وائرلیس اور جدیدٹیکنالوجی سے لیس گاڑیاں ہیں۔

مزید پڑھیں:  بشریٰ بی بی کی اڈیالہ جیل منتقلی، اسٹیٹ کونسل کی ایک ہفتے کی استدعا منظور