چارسدہ میں فائرنگ تبادل

چارسدہ میں فائرنگ تبادلہ،ڈی پی اوکے گن مین سمیت3 زخمی

ویب ڈیسک : چارسدہ کے علاقہ تھانہ عمر زئی میں فائرنگ سے ڈی پی او کا گن مین پولیس کانسٹیبل شدید زخمی ہو گیا ۔ جوابی فائرنگ سے دو ملزم بھی زخمی ہو گئے۔ ایک ملزم پشاور میں ہسپتال سے فرار ہو گیا ۔ تھانہ عمر زئی کی حدود میں مسلح افراد کی فائرنگ سے کانسٹیبل محمد بلال زخمی ہو گیا پولیس کی جوابی فائرنگ پر دو ملزم زخمی ہو گئے جن میں سے ایک ملزم افتخار ولد ماصل خان سکنہ پشاور کو گرفتار کرکے ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ دوسرا ملزم پشاور میں ہسپتال سے فرار ہو گیا ۔ ڈی پی او چارسدہ محمد عارف کے مطابق کانسٹیبل محمد بلال سول کپڑوں میں تھا کہ دو افراد نے اس کو فائرنگ کرکے زخمی کر دیا ۔ کانسٹیبل محمد بلال کی جوابی فائر نگ سے دونوں ملزم بھی شدید زخمی ہوگئے جن میں سے ایک ملزم افتخار کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ دوسرا ملزم پرائیوٹ گاڑی میں ایل آر ایچ ہسپتال پشاور سے فرار ہو گیا۔
ادھر تنگی میں شوبلہ روڈ نزد نیکہ صاحب مقبرہ میں جمعہ گل ولد عظیم خان سکنہ تنگی ہال شیر پائو کی نعش ملی ہے ۔ مقتول کے بھائی زبیر گل نے پولیس کو بتایا کہ اس کا بھائی جمعہ گل نشے کا عادی تھا اور اکثر اوقات نشے کیلئے گھر سے باہر ہو تا تھا ۔ گذشتہ روز انہیں اطلاع ملی کہ اس کے بھائی کی نعش قبرستان کے قریب پڑی ہے ۔ دریں اثناء پولیس سٹی چارسدہ کی حدود میں 15سالہ باسط نے گھر کے اندر خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کر دیا۔ متوفی باسط کے والد محبوب الرحمان نے بتایا کہ اس کا بیٹا باسط ہر وقت کمپیوٹر استعمال کرتا رہتا اور کوئی کام کاج نہیں کر تا تھا جس پراسے منع کیا گیا تاہم اس نے برا مان کر خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کر دیا ۔
تھانہ ترناب کی حدود میں شادی کی تقریب میں فائرنگ سے 11سالہ لڑکا عثمان ولد دلاور ساکن بابکری گولی لگنے سے جاں بحق ہو گیا ۔ متوفی کے ماموں نے پولیس کو بتایا کہ نیا ز علی عرف زالی کی بیٹی کی بارات پشاور سے ہمارے گائوں بابکری آئی تھی جس میں ہوائی فائرنگ سے میر ا بھتیجا 11سالہ عثمان جاں بحق ہو گیا ۔ پولیس نے دو ملزم بھائیوں کاشف اور شہزاد پسران یار محمد خان سکنہ پشاور کو گرفتار کر لیا ۔

مزید پڑھیں:  جنوبی کورین گلوکار کم داؤد کا کوریا میں مسجد بنانے کا اعلان