پھندو سے بچے کا قاتل گرفتار

پھندو سے 9 ماہ قبل اغوا اور قتل کئے جانیوالے بچے کا قاتل گرفتار

ویب ڈیسک: پشاور کے علاقے پھندو سے 9 ماہ قبل بچے کو اغوا کرکے قتل کرنیوالے رکشہ ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا، ملزم نے اعتراف جرم کر لیا ہے جسے میڈیا کے سامنے پیش کیا گیا، گزشتہ روز گلبہار پولیس اسٹیشن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایس ایچ او پھندو وارث خان اور ایس ایچ او گلبہار رفیق خان نے بتایا کہ 28 جون 2022ء کو5 سالہ احتشام کی نعش میرہ کچوڑی نہر سے برآمد کی گئی تھی جسے پھندو کے علاقہ توحید کالونی سے اغوا کیا گیا تھا۔ بچے کی گمشدگی کی رپورٹ اسکی والدہ کی مدعیت میں یکم جون کو درج کی گئی تھی۔
پولیس نے بچے کے والدین کے موبائل ڈیٹا پر بھی کام کیا تاہم والدہ کی جانب سے پولیس کیساتھ تفتیش میں تعاون نہیں کیا جا رہا تھا نہ ہی حقیقت بتائی جا رہی تھی جس کی وجہ سے پولیس کیلئے یہ کیس حل کرنا چیلنج بن گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی آر کے ذریعہ انہیں ایک مشکوک نمبر ملا جس سے خاتون سے رابطہ کیا گیا تھا اور اس طرح پھندو پولیس نے ایک چھاپے کے دوران وقاص ولد عبداللطیف ساکن غریب آباد پھندو کو گرفتار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ملزم رکشہ ڈرائیور ہے جس نے کھیل کے دوران بچے کو اغوا کیا تھا۔ راستے میں بچہ رکشے سے بھاگ نکلا تاہم ملزم نے اسے کھیتوں میں پکڑ لیا ، گلا گھونٹ کر قتل کیا اور نعش بوری میں ڈال کر نہر میں پھینک دی۔

مزید پڑھیں:  ‏شانگلہ، چینی باشندوں کی گاڑی پر دہشتگرد حملہ، 6 افراد جاں بحق