انتخابات کیلئے28مئی تاریخ

گورنرنے پختونخوامیں انتخابات کیلئے28مئی تاریخ دیدی،حالات ناسازگارقرار

ویب ڈیسک:گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر من و عن عملدرآمد اور اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے خیبر پختونخوا میں عام انتخابات کیلئے 28 مئی کی تاریخ الیکشن کمیشن کو دیدی ہے،گذشتہ روز اسلام آباد دورہ کے دوران گورنر نے الیکشن آف پاکستان کے دفتر میں اہم ملاقات کی جہاں انہوں نے الیکشن حکام کے ساتھ خیبر پختونخوا میں عام انتخابات سے متعلق دوسری مرتبہ مشاورت کی اس سے قبل گورنر اور الیکشن کمیشن حکام کے درمیان مشاورتی اجلاس گورنر ہائوس پشاور میں منعقد ہوا تھا۔
گورنر حاجی غلام علی نے الیکشن کمیشن کو دونوں مشاورتی اجلاسوں میں صوبہ کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال سے متعلق اپنے تحفظات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ صوبہ میں امن و امان کے حالات سازگار نہیں ہیں
سانحہ پشاور پولیس لائنز کے علاوہ آئے روز پولیس اہلکاروں پر مختلف اضلاع میں دہشتگردانہ حملے ہو ر ہے ہیں، ایسے حالات میں امیدواروں کیلئے انتخابی مہم چلانا ممکن نہیں ہو گا، گورنر نے بتایا کہ ہمیں انتخابی امیدواروں، انتخابات پر ڈیوٹی دینے والا عملہ اور ووٹرز کو تحفظ فراہم کرنا ہو گا،مردم شماری کی ٹیموں پر حملہ کیا گیا، آپ سوچیں دہشت گرد مردم شماری کے لیے نہیں چھوڑتے تو انتخابی مہم کیسے چلے گی؟ یہ وہ زمینی حقائق ہیں جس کی وجہ سے الیکشن میں مشکلات پیش آئیں گی۔ گورنر کا کہنا تھا کہ انہوں نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق الیکشن کمیشن کے ساتھ دو دفعہ مشاورت کا عمل مکمل کیا جس کا واحد مقصد الیکشن کمیشن کے سامنے صوبہ کی مجموعی صورتحال سامنے رکھنا تھا، انہوں نے کہا کہ الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے اور میں نے مشاورتی عمل مکمل کرکے عام انتخابات کی تاریخ دیکر اپنی آئینی ذمہ داری پوری کر لی ہے۔قبل ازیںگورنر خیبر پختونخوا نے منگل کے روز صدر مملکت سے ایوان صدر میں ملاقات کی جس میں انتخابات کے انعقاد سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مزید پڑھیں:  امریکی ڈالر کی قیمت میں کمی، سٹاک مارکیٹ میں ملا جلا رجحان