سلطانز فائنل میں پہنچ گئے

دفاعی چیمپئن قلندرز کو شکست، سلطانز فائنل میں پہنچ گئے

ویب ڈیسک:ایچ بی ایل پی ایس ایل 8 کے کوالیفائر میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو شکست دے کر ایونٹ کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ ملتان سلطانز کی جانب سے دیئے گئے 161 رنز کے ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی ٹیم 76 رنز پر آل آئوٹ ہوگئی۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے اس میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
سلطانز کے بلے بازوں نے محتاط کھیل کا مظاہرہ کیا اور پاور پلے میں بغیر کوئی وکٹ گنوائے 46 رنزبنائے۔ حارث رئوف نے 53 کے مجموعے پر گزشتہ میچ کے سنچورین عثمان خان کو بولڈ کیا، انہوں نے 29 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کے بعد ایونٹ کے ایک اور سنچورین رائیلی روسو صرف 13 رنز کے مہمان ٹھہرے، انہیں زمان خان نے کیچ آئوٹ کروایا۔ 90 کے مجموعے پر راشد خان نے ایونٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے محمد رضوان کو بولڈ کردیا، رضوان نے 33 رنز بنائے۔ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے۔ لاہور قلندرز کی جانب سے حارث رئوف نے 3 وکٹیں لیں جبکہ راشد خان اور زمان خان نے ایک ایک آ ئوٹ کیا۔
جواب میں لاہور قلندر کی پوری ٹیم 76 رنز پر آئوٹ ہوگئی کوئی بھی بیٹسمین جم کر نہ کھیل سکا۔ملتان سلطانز کی جانب سے شیلڈن کوٹریل نے 3، اسامہ میر2، انور علی، احسان اللہ اور کیرون پولارڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پی ایس ایل کوالیفائر جیتنے کے بعد ملتان سلطانز کی ٹیم اب فائنل کھیلے گی ، پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کا میچ آج ہوگا جبکہ آج کا میچ ہارنے والی ٹیم پہلا ایلیمنیٹر ہارنے والی ٹیم کے ساتھ دوسرے ایلیمنیٹر میں مدمقابل ہو گی اور پھر جو بھی ٹیم دوسرا ایلیمنیٹر جیتے گی وہ فائنل میں کوالیفائر جیتنے والی ٹیم ملتان سلطانز کا سامنا کرے گی۔

مزید پڑھیں:  ہاتھ جوڑ کر کہتا ہوں علی امین پر بھروسہ نہ کریں، خواجہ آصف