پٹرول کے بعد بجلی مہنگی

پٹرول کے بعد بجلی بھی مہنگی ،فی یونٹ قیمت میں3.23 روپے اضافہ

ویب ڈیسک: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا)نے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں3روپے23پیسے اضافے کی منظوری دے دی۔ نیپرا نے وفاقی حکومت کی جانب سے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں اضافے کی درخواست پر سماعت کی۔ نیپرا نے بجلی3روپے 23پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کی درخواست منظور کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں۔ چیئرمین نیپرا نے استفسار کیا کہ اس سرچارج سے سرکلر ڈیٹ کا فلو کنٹرول ہوگا یا 2600 ارب کا سٹاک بھی کم ہوگا؟ عوام کو بتائیں کہ جو مونسٹر جمع ہوا ہے وہ کہیں نہیں جارہا۔پاور ڈویژن کا کہنا تھا کہ 209 ارب روپے جو مانگ رہے ہیں اس سے سرکلر ڈیٹ کا فلو کم ہوگا۔
گزشتہ سال سرکلر ڈیٹ 536 بڑھا تھا اور اگلے سال کا اندازہ اتنا ہی ہے۔ تین سو پینتیس ارب روپے میں 126 ارب پی ایچ ایل مارک اپ کے لیے ہے۔چیئرمین نیپرا کا کہنا تھا کہ مارک اپ کے بعد بجلی کی قیمت 38 روپے تک ہوجائے گی۔ جب بھی قیمت بڑھے گی تو بجلی کی طلب کم ہوگی اور چوری بڑھے گی۔ جس ڈائریکشن میں ہم چل رہے تو پاور سیکٹر میں بہتری نہیں آئے گی۔ ممبر نیپرا نے کہا کہ سرکلر ڈیٹ کو کم کرنے کے لئے وزارت کے پاس کوئی پلان ہی نہیں۔ اگر فیڈر آئوٹ سورس کا ہی پلان ہے توپھر سرکلر ڈیٹ 3ہزار ارب تک پہنچ جائے گا۔ آپ کے پاس کوئی اسیسمنٹ نہیں ہے کہ قیمتیں بڑھنے سے انڈسٹری پر کیا اثر ہوگا۔ نیپرا نے کچھ دن پہلے ہی3 روپے 39 روپے کا سر چارج لگایا تھا۔

مزید پڑھیں:  چیئرمین پبلک اکاؤ نٹس کمیٹی کے معاملے پر ڈیڈ لاک برقرار