بنگلہ دیش کی قومی کرکٹ ٹیم آج سے آئرلینڈ کے خلاف تین ون ڈے میچز کی سیریز شروع کر رہی ہے تاہم بنگال ٹائیگرز کے لئے بری خبر یہ ہے کہ وکٹ کیپر بلے باز ذاکر حسن انجری کے باعث ٹیم سے باہر ہو گئے ہیں۔ وہ گزشتہ روز سلہٹ انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن کے دوران زخمی ہوئے ہیں جس کے بعد ان کے ٹیم سے اخراج کا تصدیق بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے چیف سلیکٹر منہاج العابدین ننو نے کر دی ہے۔ 25 سالہ وکٹ کیپر بلے باز ذاکر حسن نے گزشتہ سال بھارت کے خلاف ٹیسٹ میں سنچری کر کے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا تھا آج کے پہلے میچ میں اپنا ون ڈے ڈیبیو کرنے جا رہے تھے تاہم اب اس کے لئے انہیں مزید انتظار کرنا پڑے گا۔ آئرلینڈ کی ٹیم نے گزشتہ روز بنگلہ دیش الیون کرکٹ بورڈ (بی سی بی) الیون کے خلاف اکلوتے وارم اپ میچ میں 78 رنز کی فتح سے اپنا آغاز کیا ہے۔
