ورلڈ کپ میں شرکت، حکومت سے مشاورت جاری ہے، نجم سیٹھی

پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ میں شرکت کا فیصلہ حکومت کی مشاورت سے کریں گے۔ جب دیگر ممالک کرکٹ کے حوالے سے اپنی حکومتوں کے ساتھ مشاورت کرتے اور ان کی ہدایات پر عمل کرتے ہیں تو ہم بھی ایسا ہی کریں گے۔ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان بھارت جاتا ہے تو ہمارا مطالبہ ہوگا کہ ہمارے کھلاڑیوں کی سکیورٹی ہمارے معیار کے مطابق ہونی چاہیے ساتھ ہی میڈیا کو بھی ایونٹ کور کرنے کی اجازت دی جائے۔ بھارتی حکومت کا موقف بی سی سی آئی نہیں بتا سکتا یہ حکومت بتائے گی اور وہ فارن آفس کے ذریعے ہماری حکومت کو بتائے گی۔ اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ اپنی حکومت کے ساتھ رابطے میں ہے اور ان کی ہدایات پر عمل کیا جائے گا۔ بی سی سی آئی کی پوزیشن مجھے پتا ہے لیکن اس امید پر جا رہا ہوں کہ باقی ممبرز ہمارے ساتھ کھڑے ہوں، لیکن سب جانتے ہیں کہ آئی سی سی اور اے سی سی میں بھارت کا کتنا عمل دخل ہے۔ نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ دنیا کا بہترین کرکٹنگ ایونٹ ہے جسے پوری دنیا کے شائقین کرکٹ پسند کرتے ہیں۔ ٹی وی اور ڈیجیٹل پر کروڑوں لوگ اسے دیکھتے ہیں، آئی پی ایل کی ڈیجیٹل ویورشپ 130 ملین ہے جبکہ اس مرتبہ پاکستان سپر لیگ 8 کے میچز ڈیجیٹل پر 150 ملین سے زائد لوگوں نے دیکھا ہے۔ پاکستان سپر لیگ کی کامیابی میں تمام لوگوں، سٹاف اور اداروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

مزید پڑھیں:  کپتان بابراعظم عمران خان کا ریکارڈ توڑنے کے قریب