ملتان سلطانزکو شکست، لاہورقلندرز مسلسل دوسری بار پی ایس ایل چیمپئن بن گیا

سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان سپر لیگ 8 کے فائنل میچ میں ملتان سلطانز کو 1 سکور سے شکست دے کر لاہور قلندرز مسلسل دوسری بار پی ایس ایل کا چیمپئن بن گیا۔
ویب ڈیسک: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 کی ٹرافی کیلئے حتمی معرکہ لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوا۔
دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور لاہور نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 200 رنز بنائے اور ملتان کو جیت کیلئے 201 رنز کا ہدف ملا۔
لاہور کی جانب سے عبداللہ شفیق 65، فخر زمان 39 اور شاہین آفریدی نے برق رفتار 15 گیندوں پر 44 رنز بنائے۔ شاہین آفریدی نے 5 چھکے اور 2 چوکے بھی لگائے۔ ملتان کی جانب سے اسامہ میر نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جواب میں ملتان سلطانز نے ڈٹ کر مقابلہ کیا تاہم مقررہ اوورز میں 199 رنز بناسکی اور ایک رن سے شکست کھا گئی۔
ملتان کی جانب سے رلی روسو 52 ، رضوان 34 اور خوشدل شاہ 25 رنز بناکر نمایاں رہے۔ لاہور کی جانب سے کپتان شاہین آفریدی نے آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ، پہلے بیٹنگ میں انہوں نے 44 رنز بنائے اور پھر ہدف کے دفاع میں 4 کھلاڑیوں کو بھی پویلین کی راہ دکھائی۔
راشد خان نے دو جبکہ ڈیوڈ ویسا نے ایک وکٹ حاصل کی۔
خیال رہے کہ لاہور قلندرز دوسری بار پی ایس ایل ٹائٹل جیتنے والی دوسری ٹیم بن گئی ہے۔ اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ بھی دو بار پی ایس ایل چیمپئن بن چکی ہے۔ ملتان سلطانز، کراچی کنگز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی ایک ایک بار ایونٹ جیت چکےہیں۔

مزید پڑھیں:  بشری بی بی کا طبی معائنہ، شوکت خانم ہسپتال کے ڈاکٹرز کو اجازت دی جائے، عمر ایوب