اسلحہ و گولہ بارود

چمن میں دہشتگردوں کے ٹھکانے سے اسلحہ و گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ برآمد

پاک فوج نے چمن میں دہشت گردوں کے ٹھکانے سے اسلحہ و گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ برآمد کرلیا۔
ویب ڈیسک: سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے چمن میں آپریشن کر کے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود، ہتھیار، گولیاں اور آئی ای ڈیز برآمد کر لیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے چمن کے علاقے میں دہشتگردوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا، آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں ہتھیار، گولیاں اور آئی ای ڈیز برآمد کی گئی ہیں۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ سکیورٹی فورسز نے یہ آپریشن چمن، رحمن کہول اور گرد و نواح میں کیا، آپریشن دہشتگردی کے واقعات میں ملوث دہشت گردوں کے مشتبہ ٹھکانے کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا، مشتبہ دہشتگرد دیسی ساختہ بم نصب کرنے سمیت دیگر وارداتوں میں ملوث تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاک فوج بلوچستان کے امن، استحکام، ترقی کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنا دے گی۔

مزید پڑھیں:  بدلے کی آگ پورے خطے کو جلا کر رکھ دے گی، انتونیو گوتریس